نئی دہلی: یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ جامعہ ہمدرد کو ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ -(WUR)2023میں 1799 عالمی یونیورسٹیوں میں 601سے 800رینکنگ بینڈ میں رکھا گیا ہے ۔ یہ گزشتہ سال کی رینک 1001-1200سے نمایاں چھلانگ ہے ۔ یہ اطلاع جامعہ ہمدرد کی جاری کردہ ریلیز میں دی گئی ہے ۔ریلیز کے مطابق جامعہ ہمدرد ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی طرف سے درجہ بندی کی گئی تمام یونیورسٹیوں؍ اداروں میں ہندوستان بھر میں 10ویں نمبر پر ہے ۔اس موقع پر مسٹر حماد احمد، چانسلر اور پروفیسر (ڈاکٹر) ایم افشار عالم، وائس چانسلر، جامعہ ہمدرد نے تمام فیکلٹی ممبران، رجسٹرار، مسٹر ایس ایس اختر؛ ڈائریکٹر، IQAC، پروفیسر (ڈاکٹر) رئیس الدین اور رینکنگ ٹیم، طلباء اور عملہ کو اس بڑی کامیابی پر خصوصی مبارکباد دی۔وائس چانسلر، پروفیسر (ڈاکٹر) ایم افشار عالم نے جامعہ ہمدرد کے تمام اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسی طرح کی کوششوں سے جامعہ ہمدرد مزید ترقی کریگا اور اس سال NAACایکریڈیٹیشن میں اعلیٰ درجہ حاصل کریگا۔ پروفیسر عالم نے ہمدرد نیشنل فاؤنڈیشن (انڈیا) – ایچ ای سی اے کا تمام اقدامات میں جامعہ ہمدرد کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔اس سے قبل- NIRF 2022میں جامعہ ہمدرد نے فارمیسی میں پہلا درجہ حاصل کیا ہے ۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن ورلڈ یونیورسٹی کی درجہ بندی جامعہ ہمدرد کی ترقّی کی سمت میں ایک اور تمغہ امتیاز ہے ۔