حیدرآباد، سماج نیوز: شیخ اسماعیل افضل کے بموجب عالم اسلام کی مشہور یونیورسٹی جامعہ اسلامیہ مدینہ منورہ سے مولانا ابو عمر پرویز نکوا عمری مدنی نے ڈاکٹریٹ ڈگری حاصل کرلی ہے۔ آپ کے رسالے کا عنوان ’’ہندوستان میں تغلقی عہدمیں اسلامی ثقافت کے انمٹ نقوش‘‘ مناقشہ تاریخ اسلام کے گہری نظر رکھنے والے تین مشہورپروفیسرس کے ذریعہ انجام پذیر ہوا۔ یقیناً ہندوستان اسلامی تاریخ وثقافت کے لحاظ سے بہت ہی اہم موضوع ہے ،جس کے ذریعہ عصر حاضر میں جب کہ باطل قوتوں کی طرف سے اسلامی تشخص مٹانے کی ناپاک کوششیں پوری شدومد کیساتھ جاری ہیں ،ان مناقشہ میں ڈاکٹر پرویز نکوا عمری مدنی کو ممتاز درجہ سے نوازا گیا اور آپ کو مدینہ یونیورسٹی کی دعوہ فیکلٹی کے تاریخ شعبے سے ڈاکٹریٹ کی عالمی ڈگری سے سرفراز کیا گیا۔ ڈاکٹر پرویز نکوا عمری مرکز دارالہدیٰ اڈپی کے مشرف اعلیٰ،متنوع انجمنوں اور تنظیموں کے ذمہ دار،حرمین شریفین بالعموم اور بقیع غرقد میں بالخصوص ایک عرصہ دازتک ضیوف الرحمٰن کے داعی ومترجم رہے ہیں۔ اس موقع پر جمعیت ابنائے قدیم جامعہ دارالسلام عمرآباد شاخ حیدرآباد اور اسی طرح مختلف شاخوں کے ذمہ داران اور مختلف جامعات کے ابنائے کی جانب سے ڈاکٹر ابوعمر پرویز نکوا عمری مدنی کو صمیم قلب سے ڈھیر ساری مبارکباد پیش کی گئی۔