صدر جمہوریہ درپدی مرمو، وزیر اعظم مودی، سونیاگاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ سمیت سرکردہ شخصیات کا اظہار تعزیت
نئی دہلی، سماج نیوز: صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی ، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، سونیا گاندھی، راہل گاندھی ، پرینکا گاندھی اور لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سمیت سیاست کے سرکردہ لیڈروں نے سماجوادی پارٹی کے رہنما ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ٹوئٹر پر اپنے تعزیتی پیغام میں صدر مرمو نے لکھا’’ ملائم سنگھ یادو کا انتقال ملک کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ عام ماحول سے آنے والے ملائم سنگھ یادو جی کے کارنامے غیر معمولی تھے۔ ‘دھرتی پترملائم جی زمین سے وابستہ ایک قدآور رہنما تھے۔ تمام جماعتوں کے لوگ ان کی عزت کرتے تھے۔ ان کے خاندان اور حامیوں کے تئیں میری گہری تعزیت!‘‘وزیر اعظم نریندر مودی نے ملائم سنگھ یادو کی موت کو ملک کے لیے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملائم سنگھ یادو جی ایک منفرد شخصیت کے مالک تھے۔ انہیں ایک شائستہ اور زمینی رہنما کے طور پر بڑے پیمانے پر سراہا گیا۔ وہ عوام کے مسائل کے تئیں حساس تھے۔ انہوں نے پوری تندہی سے لوگوں کی خدمت کی اور لوک نائک جے پی اور ڈاکٹر لوہیا کے نظریات کو مقبول بنانے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ ایک اور ٹوئٹ میں، انہوں نے کہا’’ملائم سنگھ یادو جی نے اتر پردیش (یو پی) اور قومی سیاست میں اپنی الگ شناخت بنائی۔ وہ ایمرجنسی کے دوران جمہوریت کے لیے ایک ممتاز سپاہی تھے۔ وزیر دفاع کی حیثیت سے انہوں نے ایک مضبوط ہندوستان کے لیے کام کیا۔ ان کی پارلیمانی مداخلت عملی تھی اور قومی مفاد کو آگے بڑھانے پر زور دیتے تھے‘‘۔ انہوں نے کہا’’ہم نے اپنی اپنی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے طور پر کام کیا، تب ملائم سنگھ یادو جی کے ساتھ میری بہت سی بات چیت ہوئی۔ قربت جاری رہی اور میں ہمیشہ ان کے خیالات سننے کا منتظر رہا۔ میں ان کی موت سے دکھی ہوں۔ ان کے خاندان اور لاکھوں حامیوں سے میری تعزیت۔ اوم شانتی‘‘۔کانگریس صدر سونیا گاندھی، سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ، راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے سماجوادی پارٹی کے لیڈر ملائم سنگھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر آر جے ڈی سپریمو لالو یادو نے ٹوئٹ کرکے غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے لکھا، ملک کی سیاست میں اور پسماندہ افراد کو صف اول میں لانے میں ان کا تعاون بے مثال ہے۔ اس کی یادیں جڑی رہیں گی۔نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے سماجوادی پارٹی کے سرپرست ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اور سماجوادی پارٹی کے بانی ملائم سنگھ یادو کے انتقال پر یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تین دن کے سوگ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ٹویٹ کیا اور لکھا ’ملائم سنگھ یادو جی کی موت بہت افسوسناک ہے۔ ان کی موت پر اتر پردیش حکومت نے تین دن کے سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے‘۔اس کے ساتھ ہی آپ کو بتادیں کہ ملائم سنگھ یادو کی آخری رسومات اتر پردیش میں ان کے آبائی گاؤں سیفئی میں ادا ہوں گی۔عمر عبداللہ نے موصوف لیڈر کے انتقال پر اظہار دکھ کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’میں اپنے والد اور تمام ساتھیوں کے ساتھ مل کر اکھلیش یادو اور ان کے جملہ اہل خانہ کو تعزیت پیش کرتا ہوں‘۔ انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’نیتا جی ایک عظیم الشان شخصیت کے مالک تھے جن کے اترپردیش اور پورے ملک کیلئے کی جانی والی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا‘۔