نئی دہلی، سماج نیوز:امام ربانی مجدد الف ثانی شیخ احمد فاروقی سرہندی رحمۃ اللہ علیہ کے عرس کے موقع پر شاہی امام مسجد فتح پوری دہلی حضرت علامہ ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد صاحب نقشبندی مد ظلہ کی سرپرستی میں 27ستمبر بروز منگل بعد نماز عشاء امام ربانی کانفرنس منعقد ہوئی جس میں مولانا محمد انس احمد نائب امام مسجد فتح پوری ، مولانا ڈاکٹر غلام عبد القادر حبیبی ، مولاناسید جاوید نقشبندی نے بھی عظمت اولیاء اللہ پر جامع خطاب فرمایا ۔سرپرست اجلاس مولانا ڈاکٹر مفتی محمد مکرم احمد نے تفصیل کے ساتھ حضرت مجدد اعظم کی تجدیدی خدمات اور فضائل کا ذکر تے ہوئے فرمایا کہ آج بر اعظم میں مذہب اسلام کی بقا حضرت مجدد رحمۃ اللہ علیہ کی مرہون منت ہے ۔مہمان خصوصی ڈاکٹر ماجد دیوبندی نے حسین دعائیہ منقبت پیش کی، محمد اسلم وارثی سیوانی، محمد قاسم شمسی ، محمد یوسف ہاتف اور دیگر شعراء کرام نے منقبت پیش کی ۔مولانا سید قیصر خالد فردوسی نے نظامت فرمائی ۔کثیر تعداد میں عقیدت مندان نے شرکت کی اور روحانی فیض حاصل کیا۔صلوۃ وسلام کے بعد تقسیم لنگرہوا ۔امن وسلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔