سید پرویز قیصر
اندور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں ریلی روزیو نے دھواںدھار بلے بازی کامظاہرہ کرتے ہوئے80 منٹ میں48 بالوں میں سات چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد آوٹ ہوئے بغیر100 رن بنائے جو اس قسم کے کرکٹ میں21 میچوں کی20 اننگوں میں انکی پہلی سنچری تھی۔ اس سے پہلے ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر96 رن تھا جو انہوں نے 80 منٹ میں55 بالوں پر دس چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے انگلینڈ کے خلاف28 جولائی 2022 کو کارڈیف میںبنایا تھا۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ابھی تک ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پانچ بلے باز چھ سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔حالیہ سریز پہلے تک جنوبی افریقہ کی جانب سے ہندوستان کے خلاف ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں کوئی بھی سنچری اسکور نہیں ہوئی تھی جبکہ اس سریز میں دو کھلاڑی سنچریاں بنانے میں کامیاب رہے۔ریلی روزیو سے پہلے سریز کے گوہاٹی میں ہوئے دوسرے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ میں ڈیوڈ ملر نے سنچری بنائی تھی۔ وہ79 منٹ میں47 بالوں پر آٹھ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر106 رن بنائے تھے۔ انکی یہ سنچری جنوبی افریقہ کے کام نہیں آٗئی اور وہ یہ میچ انکی ٹیم16 رن سے جیت گئی تھی۔
اس سریز سے پہلے ہندوستان کے خلاف جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے بڑا سکور بنانے کا ریکارڈ ہنریج کلاسینات کے پاس تھا جنہوں نے کٹک میں12 جون 2022 کو ہوئے میچ میں59 منٹ میں 46 بالوں پر سات چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے81 رن بنائے تھے۔
ڈیوڈ ملر جنوبی افریقہ کی جانب سے دو سنچریاں بنانے والے واحد کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف دوسرے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی میچ سے پہلے وہ بنگلہ دیش کے خلاف پوچیفسٹرم میں29 اکتوبر2017 کو ہوئے میچ میں53 منٹ میں 36 بالوں پر سات چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر101 رن بنائے تھے۔ انکی یہ سنچری ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز سنچری بھی تھی۔اس میچ میں جنوبی افریقہ کو 83 رن سے کامیابی ملی تھی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی سنچری بنانے کا اعزاز رچرڈ لیوی کے پاس ہے جنہوں نے 67 منٹ میں51 بالوں پر پانچ چوکوں اور13 چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر117 رن بنائے تھے۔ اس میچ میں جنوبی افریقہ نے آٹھ وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
فف ڈو پلیسس کو ٹونٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے سب سے بڑا انفردی اسکور بنا نے کا اعزاز حاصل ہے۔ دائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے اس بلے باز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جوہانسبرگ میں11 جنوری2015 کو ہوئے میچ میں 99 منٹ میں56 بالوں پر گیارہ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے119 رن بنائے تھے۔ اس میچ میں جنوبی افریقہ کو چار وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔