تماشائیوں نے خوشی میں لگائے ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے
احمد آباد: ملک بھر میں گربا رقص کی تقریب میں مسلمانوں کے داخل ہونے کے خلاف ہندو تنظیموں کی جانب سے چھیڑی گئی مہم کے درمیان گجرات سے ایک حیران کن خبر آئی ہے جس میں سادہ لباس پہنے کچھ افراد کچھ نوجوانوں کو یکے بعد دیگرے بجلی کے کھمبے سے باندھ کر لاٹھیوں سے پیٹ رہے ہیں۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق جن لوگوں کو سرعام لاٹھیوں سے پیٹا جا رہا ہے وہ مسلم طبقہ سے وابستہ ہیں اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے کھیڑا ضلع میں منعقدہ گربا تقریب کے دوران پتھربازی کی تھی۔ ملزمان کو پولیس نے گرفتار کیا اور جیل بھیجنے سے قبل ان کی سر عام پٹائی کی۔ رپورٹ کے مطابق نوجوانوں کی اس طرح سے پٹائی کے معاملہ نے طول پکڑ لیا ہے اور ان پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جو اس واقعہ میں ملوث تھے۔ویڈیو کلپ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پکڑے گئے کم از کم چار سے پانچ نوجوانوں کو سادہ لباس میں ملبوس مردوں کا ایک گروپ یکے بعد دیگرے ایک چوک پر بجلی کے کھمبے سے باندھ رہا ہے اور ایک شخص ان پر لاٹھی برسا رہا ہے، جس کی بیلٹ پر بندوق لگی ہوئی ہے۔ جن نوجوانوں کو لاٹھیوں سے پیٹا گیا ہے وہ شور مچاتے ہوئے ہجوم کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے نظر آ رہے ہیں اور اس کے بعد سادہ لباس میں ملبوس مردوں کا گروپ ان نوجوانوں کو نزدیک میں کھڑی پولیس وین میں بیٹھنے کا اشارہ کرتے ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق ہجوم خوشی کے مارے شور مچا رہا تھا اور اس دوران ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے بھی لگائے جا رہے تھے۔ماتر تعلقہ کے اندھیلا گاؤں میں جہاں پتھراؤ کا واقعہ پیش آیا تھا، وہاں کے سرپنچ اندراودن پٹیل نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’پولیس نے 43 میں سے 10 ملزمان کو گرفتار کیا (گربہ میں جھڑپ کے لیے) اور انہیں اسی جگہ پر لا کر سزا دی گئی، جہاں گربا کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔ رپورٹ کے مطابق جن نوجوانوں پر سرعام لاٹھیاں برسائی گئیں، تاحال ان کی شاخت نہیں ہو پائی ہے، تاہم پولیس نے تصدیق کی ہے کہ گربا میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار ہونے والے تمام 10 افراد کا تعلق مسلم طبقہ سے ہے۔پٹیل کا کہنا ہے کہ انہوں نے گربا کا اہتمام کیا تھا اور ان کا دعویٰ ہے کہ جھڑپ کے دوران ان کے سر پر چوٹیں آئی ہیں۔ آئی جی پی (احمد آباد رینج) وی چندر شیکھر نے کہا ’’ہمیں ابھی تک اس ویڈیو کی اصلیت کا پتہ نہیں چل سکا ہے۔‘‘ جبکہ کھیڑا ضلع کے ایس پی راجیش گاڈھیا نے کہا کہ وہ مبینہ ویڈیو کا جائزہ لیں گے۔ویڈیو کلپس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کانگریس کے ارکان اسمبلی عمران کھیڈا والا اور غیاث الدین شیخ نے کہا کہ ویڈیو میں ملزمان کو لاٹھی مارتے ہوئے جو افراد نظر آ رہے ہیں وہ پولیس والے ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ان پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کیا جانا چاہئے۔ کھیڈا والا اور شیخ نے ٹوئٹر پر لکھا، ’’پولیس نے ملزمان کو بجلی کے کھمبے سے باندھا اور انہیں لاٹھیوں سے مارا جبکہ عوام نے تالیاں بجائیں۔ قانون ہاتھ میں لینے والے اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کیا جانا چاہیے۔‘‘مدھیہ گجرات مسلم سماج سیوا سمیتی کے صدر عبدالکریم ملک نے کہا کہ پتھراؤ اس لیے شروع ہوا کیونکہ یہ افواہ پھیل گئی کہ فساد برپا ہو گیا ہے اور جس مقام پر گربا کھیلا جا رہا تھا وہاں سے زوردار چیخ و پکار کی آوازیں آ رہی تھیں۔‘‘ملک نے کہا ’’دونوں طرف سے پتھر بازی کی گئی اور اس کے بعد بڑے پیمانے پر جھڑپ ہونے لگی۔ جب ہم پولیس اسٹیشن میں کراس ایف آئی آر درج کروانے کی کوشش کر رہے تھے، تو ہم نے یہ بھی سنا کہ پولیس نے گرفتار ملزمان میں سے کچھ کو سرعام زد و کوب کیا ہے۔ اگر محکمہ پولیس اس معاملے میں تادیبی کارروائی نہیں کرتا ہے تو ہم قانونی چارہ جوئی کریں گے۔‘‘