نئی دہلی: آئی سی سی نے 27 جون کو کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کیا تھا لیکن تب تک عالمی کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ ختم نہیں ہوا تھا جس کی وجہ سے دو ٹیموں کا نام شیڈول میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ ان ٹیموں کی جگہ پر کوالیفائر 1 اور کوالیفائر 2 لکھا گیا تھا۔ اب آئی سی سی نے عالمی کپ کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے جس میں عالمی کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ جیتنے والی سری لنکا اور دوسرے مقام پر رہنے والی نیدرلینڈس کے نام بھی شامل کیے گئے ہیں۔سری لنکا اور نیدرلینڈس کے درمیان ہونے والے میچ کے حوالے سے شیڈول میں تازہ ترین تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں پاکستانی کرکٹ ٹیم اگر ورلڈ کپ کھیلنے ہندوستان نہیں آتی ہے تو اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو موقع دیا جا سکتا ہے کیونکہ وہ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے مقام پر رہی تھی۔خیال رہے کہ رواں سال 50 اوور کا کرکٹ ورلڈ کپ ہندوستان میں منعقد ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا اور پہلا میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 8 اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی اور 15 اکتوبر کو پاکستان کا مقابلہ کرے گی اور یہ میچ بھی احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان یہ آٹھواں مقابلہ ہوگا۔