دبئی، سماج نیوز: سعودی عرب سمیت متحدہ عرب امارات، یورپ اور امریکا میں عیدالاضحی آج منائی گئی۔سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ریاستوں اور یورپ کے کچھ ممالک میں عید الاضحی آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے ، اس موقع پر مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے۔مکہ مکرمہ اور مسجدِ نبوی میں لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی، میدانِ عرفات میں روح پرور مناظر دیکھے گئے، فضا میں لبیک الھم لبیک کی صدائیں بلند ہے، دنیا بھر سے آئے لاکھوں حجاج کرام کی جانب سے سنت ابراہیمی کی ادائیگی جاری ہے۔ ان روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ سعودی عرب کے علاوہ متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، ترکی، انڈونیشیا اور دیگر ممالک میں بھی نماز عید کے اجتماعات ہوئے۔حجاج کرام سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کریں گے، قربانی کے بعد احرام کھول دیے جائیں گے۔یاد رہے گذشتہ روز شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے میدان عرفات کی مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تفرقہ ڈالنے سے منع کیا ہے۔ میں گواہی دیتا ہوں اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں۔ اللہ کی اطاعت کرو، حدود اللہ کا خیال رکھو،ہر نبی نے آ کر یہی دعوت دی کہ اللہ کی بندگی کرو،اللہ کا حکم ہے تمام مسلمان متحد ہوں۔انہوں نے کہا کہ اللہ کی وحدانیت اور رسول اکرم ﷺ کی رسالت کی گواہی دینا اسلام ہے،اللہ کی عبادت ایسے کرو جیسے آپ اللہ کو دیکھ رہے ہیں، اے ایمان والو، اللہ ایک ہے، اسی کی عبادت تم پر واجب ہے، قرآن میں اتحاد کی اہمیت کو بیان کیا گیا ہے۔خطبہ حج میں کہا گیا کہ مسلمانوں کا متحد ہو کر رہنا ضروری ہے،حکم دیا گیا ہے اختلاف ہو تو قرآن وسنت کی طرف رجوع کرو، حضور اکرم ﷺ نے فرمایا ایک مسلمان دوسرے مسلمان کیلئے عمارت کی طرح ہے، حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کسی عربی کو عجمی اور عربی پر کسی عجمی کو فوقیت نہیں، مسلمانوں کے لیے ضروری ہے اچھے اخلاق رکھیں۔شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے کہا کہ مل جل کر رہنے میں رحمت اور الگ الگ رہنے میں زحمت ہے، شریعت میں حکم ہے جھگڑا کرنے والوں کو سمجھایا جائے، اللہ رب العزت نے فرمایا اللہ اور رسولﷺ کی اطاعت کرو، مسلمان کے لیے باطل سے دور رہنا لازم ہے، والد، میاں بیوی اور بچوں کے حقوق کو اللہ نے واضح کر دیا ہے، اللہ نے قرآن مجید میں صبر کی تلقین کی ہے، اتفاق پیدا کرنا معاشرے، خاندان اور سب کی ذمہ داری ہے۔برطانیہ، کینیڈا اور امریکا میں بعض لوگ آج اور کچھ کل عید الاضحٰی منائیں گے۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحٰی کی مبارک باد دی ہے۔
previous post