سدھارتھ نگر، سماج نیوز: بتاریخ۲۲جون ۲۰۲۳ءمطابق ۳ذی الحج ۱۴۴۴ہجری بروز جمعرات بعد نمازِ ظہر جامع مسجد اہلِ حدیث، بدرمیںضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ کے معزز اراکین عاملہ کی ایک میٹنگ ہوئی جس کی صدارت امیر جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی حفظ الله نے فرمائی اورفریضہ نظامت ناظم جمعیت وصی اللہ مدنی نے نبھائی۔میٹنگ کاآغاز عزیزم حماد ابراہیم سلمہ کے تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا،بعدازاں ناظم جمعیت وصی اللہ مدنی نے میٹنگ میں شریک تمام معزز اراکین کا استقبال کیا اور ان کی تشریف آوری کا بصمیم قلب شکریہ ادا کیا، اس کے بعد صدر مجلس مولانا محمد ابرہیم مدنی نے توجیہی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ دشواریوں سے گھبرائیں نہیں بلکہ اپنے اپنے حلقے کے تمام اراکین کو ساتھ لے کر وسائل اور امکانیات کے مطابق دعوتی امور کو انجام دیں اور اپنے حلقے کے مکاتب سے جڑے رہیں اور ان کی رہنمائی کرتے رہیں۔ آپ نے کہا کہ : سات ذیلی حلقوں میں جمعیت کو تقسیم کرنے کا مقصد تمام افراد کو جمعیت سے جوڑنا اور دعوتی کاز کو وسعت دینا ہے لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ بعض حلقات کی کارکردگی صفر ہے اور وہاں کے امراء و نظماء کی عدم دل چسپی اور عدم تعاون کی وجہ سے وہاں کوئی کام نہیں ہو پا رہا ہے۔بعدہ یکے بعد دیگرے میٹنگ کے تمام ایجنڈوں پرگفتگو ہوئی:
ایجنڈہ کے پہلے دفعہ: ’’گذشتہ کارگزاری وکاروائی کی خواندگی اور توثیق "کے تحت ناظم جمعیت نے گذشتہ میٹنگ کی کاروائی کی خواندگی کی اور تمام مشارکین و اراکین عاملہ نے مکمل تائید کی اور امیر محترم نے دستخط فرماکر اس کی توثیق فرمائی‘‘۔
ایجنڈا کے دوسرے دفعہ:’’ حلقہ واری جمعیات کی دعوتی ورفاہی کارکردگی کا جائزہ ” تحت حلقہ واری جمعیات کے نظماء کو یکے بعد دیگرے اپنی اپنی دعوتی و تبلیغی اوررفاہی کارکردگی پیش کرنے کی دعوت دی گئی :
جمعیت اہل حدیث حلقہ اٹوا کے ناظم مولانا فخر الدین ریاضی نے پوری تفصیل سے اپنے یہاں کے دعوتی و رفاہی پیش رفت کی تفصیل پیش کی انہوں نے بتایا کہ ہماری جمعیت کے تحت آٹھ دعوتی پروگرام ہوئے اور مستقل طور پر پندرہ مساجد میں خطبات جمعہ کا اہتمام کیا جاتا ہے، ماہ رمضان میں غریبوں کے درمیان افطار کٹ تقسیم کرنے کا اہتمام کیا گیا اسی طرح اذکار بعد الصلاۃ بڑے سائز میں چھپوا کر اپنے حلقہ اور دیگر حلقات کی مساجد میں تقسیم کیا گیا‘‘۔
جمعیت اہلِ حدیث حلقہ ڈومریا گنج کے ناظم مولانا عبد المنان مفتاحی نے تحریری رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حلقے میں بارہ دعوتی پروگرام ہوئے، مختلف مساجد میں خطبات جمعہ کا باضابطہ اہتمام رہا، طلاق و خلع کے تصفیہ کے لیے چار مجلسیں قائم ہوئیں علاوہ ازیں مولانا محمد اسرائیل سلفی نے اپنے عہدۂ امارت سے بخوشی استعفیٰ دے دیا اور ان کی جگہ شیخ عبد السّتار سراجی کو امیر منتخب کیا گیا۔
جمعیت اہل حدیث حلقہ بانسی کے نائب ناظم مولانا عبد الرحمان اثری نے تحریری رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حلقے میں سات دعوتی پروگرام ہوئے، ذمہ داران جمعیت خطبات جمعہ کا اہتمام کرتے ہیں اور گاہے بگاہے دروس کا بھی اہتمام کرتے ہیں۔
جمعیت اہلِ حدیث حلقہ نوگڈھ کے ناظم مولانا محمد ہاشم سلفی نے بتایا کہ ہمارے حلقے میں جمعیت کے تحت دو پروگرام کا انعقاد ہوا، ذاتی طور پر بحیثیت ناظم جمعیت سات پروگرام میں میری سرگرم شرکت رہی اور مستقل طور پر میں بذات خود دروس اور خطبات جمعہ کا اہتمام کرتا ہوں۔
جمعیت اہلِ حدیث حلقہ شہرت گڑھ کے ناظم مولانا جمشید عالم عبد السلام سلفی نے بتایا کہ ہمارے حلقے میں صرف چار دعوتی پروگرام کا انعقاد ہوا تاہم مجھ سمیت بیشتر اراکین جمعیت حلقہ کے مختلف مواضعات میں دروس و خطبات جمعہ کا اہتمام کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں حلقہ کے نوجوانوں اور اساتذہ کو جمعیت سے مربوط کرکے ان سے دعوتی پروگرام کا اہتمام کرایا جاتا ہے۔
جمعیت اہلِ حدیث حلقہ بڑھنی اور حلقہ بسکوہو کا کوئی نمائندہ حسبِ روایت سابقہ اس میٹنگ میں بھی شریک نہیں ہوا، جس کی وجہ سے تمام اراکین نے بہت زیادہ غم و افسوس کا اظہار کیا اور متفقہ طور پر جمعیت کی میٹنگوں میں شریک نہ ہونے والوں کے لیےیہ رائے پیش کی کہ جمعیت کا جو اصول و ضابطہ ہے وہ نافذ کیا جائے بلکہ اس موقع پر یہ بات بھی سامنے آئی کہ بعض اراکین جمعیت تمام میٹنگوں میں مسلسل غیر حاضر رہتے ہیں صرف پانچ سالہ میقات پوری کرنے کے بعد حصول عہدہ کے لیے ایک مرتبہ سرگرم شرکت کرتے ہیں اور لمبی لمبی باتیں کرتے ہیں۔
ایجنڈا کے تیسرے دفعہ” تعلیمی کنونشن کے انعقاد اور تاریخ پر تبادلہ خیال "کے تحت باہمی گفت و شنید کے بعد طے پایا کہ تعلیمی بیداری مہم کے مرکزی عنوان’’مدارس ومکاتب میں معیاری تعلیم وتربیت: مشاکل اور علاج‘‘ کے تحت ضلع کے تمام حلقوں میں پروگرام کرائے جائیں، مکاتب کے ذمہ داران خصوصاً صدور،نظماء اور بااثر افراد کو مدعوکریں اور یہ بھی طے پایا کہ سب سے پہلے جمعیت اہلِ حدیث حلقہ ڈومریا گنج میں اوائل اکتوبر 2023ء میں یہ پروگرام ہو اور پھر فوری طور پر اس کے بعد دیگر حلقات میں بھی اس طرح کا پروگرام کرایا جائے۔
ایجنڈہ کے چوتھے دفعہ”آئندہ کے منصوبے اور عزائم ” کے تحت معززاراکین ومشارکین نے درج ذیل تجاویز پیش کیں:
۱-مرکزی جمعیت اہل حدیث، دہلی کے ذمہ داروں سے یہ گزارش کی جائے کہ چمن اسلام کے تمام حصوں کوجدید طرزپر ایڈیٹ کراتے ہوئے موجود علمی تسامحات اور طباعتی اغلاط کے ازالہ کے لیے سنجیدہ کوشش کریں۔
۲-نصابی کتابوں کی طباعت معیاری کریں۔
۳- تمام مدارس میں جمعیت کے نصاب تعلیم کی تنفیذ کو حتمی بنایا جائے۔
٤- تمام مکاتب و مدارس کو جمعیت سے جوڑا جائے اور ہر مکتب و مدرسہ سے سالانہ الحاقی فیس ایک ہزار روپے لیے جائیں۔
٥- ضلعی جمعیت سے تصدیق نامہ انھیں مدارس ومکاتب کے لیے جاری کیا جائے جنھوں نے اپنا الحاقی فیس ادا کر دیا ہو، ادائیگی کی صورت میں مزید کوئی رقم نہ وصول کیاجائے۔
٦- جو مدارس و مکاتب متعینہ الحاقی فیس نہ ادا کیے ہوں ان کے لیے قطعی طور پر ضلعی جمعیت کی جانب سےتصدیق نامہ جاری نہ کیا جائے۔
ایجنڈہ کے پانچویں دفعہ ’’دیگرامورباجازت صدر‘‘کے تحت حلقات کے نظماء سے ضلعی جمعیت کا بقایا سالانہ زرتعاون اور دیگر اراکین سے سالانہ رکنیت فیس جمع کرنے کی گزارش کی گئی،بعض ارکان فوری طور پر جمع کردئے جب کہ بعض نے جلد ہی ادا کرنے کا وعدہ کئے۔
۲-اسی مجلس میں باتفاق رائے حافظ عبدالاحد سلفی کی تقرری بحثیت مبلغ وداعی عمل میں آئی، آئندہ ماہ جولائی سے کام شروع کریں گے۔
اس کے بعد امیر جمعیت مولانا محمد ابرہیم مدنی کے اختتامی و دعائیہ کلمات پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔