قرآن مجید اعلیٰ ترین اور ارفع:مولانا رضوان ، خدا تعالیٰ کی نعمتوں اور کرم کی قدراوران کا شکر ادا کرنانعمتوں میں اضافہ کا سبب: مولانا مصطفیٰ
سہارنپور، سماج نیوز:(احمدرضا) مدرسہ مرکز صراط الحق فتحپور بھادوں میں تکمیل کلام اللہ شریف کے مبارک موقع پر ایک عظیم الشان اجلاسِ عام کا انعقاد ہوا جس کی صدارت مرکز کے روح رواں اور مرکز کے مؤسس و مدیر مولانا محمد رضوان مظاہری نے فرمائی۔ اس عظیم الشان دینی اجلاس عام کا آغاز قاری محمد احمد شاہین مدرس مرکز ہذا نے قرآن پاک کی تلاوت پاک سے کیا۔ اس کے بعد قاری عبدالوہاب نور نے نعت پاک پیشِ کر تے ہوئے مجلس کو وقار بخشا۔ نظامت کے فرائض مولانا ابوبکر مظاہری نے بحسن و خوبی انجام دیئے۔ اجلاسِ عام کے مہمان خصوصی دارالعلوم دیوبند سے تشریف لائے۔ حضرت مولانا مفتی محمد مصطفیٰ قاسمی نے قرآن کریم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ نے ہمیں قرآن مجید کی جو عظیم الشان نعمت عطا فرمائی ہے ہمیں اس نعمت کی قدر کرنی چاہئے۔ مولانامصطفیٰ قاسمی نے مزید فرمایا کہ بخارا و سمرقند کبھی علم نبوی کے گہوارے تھے۔ جب انہوں نے اللہ کی اس نعمت کی ناقدری کی تو پروردگار عالم نے اس نعمت کو سلب کر لیا چونکہ نعمت کی قدر اور شکر ادا کرنا اضافہ کا سبب ہوتا ہے جبکہ ناقدری وناشکری زوال کا سبب ہوتی ہے۔ مولانا محمد عابد ندوی نے فرمایا کہ آزاد ہندوستان کی تاریخ ان مدارس کے بغیر ادھوری ہے، ہمارے اس ملک میں ہماری شناخت اور ملی تحفظ ان مدارس کی مرہون منت ہے۔ مولانا محمد اظہر ندوی نے طلباء کی تعلیم و تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اولاد کی شکل میں والدین کو جو نعمت عطا کی ہے اس کا حق یہ ہے کہ اس کی اچھی تعلیم و تربیت کا انتظام کیا جائے مسقط سے تشریف لائے۔ حضرت الحاج مولانا محمد مختار الحسن صاحب نے 13 طلباء وطالبات کو قرآن کریم کی آخری آیات پڑھا کر ان کی دستار بندی فرمائی۔
مرکز کے مدیر و مؤسس حضرت مولانا محمد رضوان نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور اپنے بیان میں کہا کہ یہ مجلس قرآن کریم کی نسبت پر قائم ہوئی قرآن کریم باری تعالیٰ کا کلام ہے جو تمام کلاموں میں افضل و ارفع ہے اس لیے یہ مجلس بھی تمام مجلسوں سے ارفع ہے مولانا نے اپنے صدارتی خطاب میں فرمایا قرآن کریم تمام علوم و فنون کا مجموعہ ہے جس نے قرآن کریم حفظ کر لیا اس کے لیے تمام علوم کا حصول آسان ہو جاتا ہے اپنے اپنے نونہالان کو پہلے قرآن کریم سکھاؤ دنیاوی علوم خودبخود آجائیگا اس موقع پر طلباء وطالبات نے تقاریر و مکالمے حمدو نعت پیش فرما کر حسن کارکردگی کا مظاہرہ کیا اجلاس عام میں مولانا محمد نسیم مظاہری، قاری عبدالمنان فیضی ناظم مدرسہ عربیہ جمال القرآن ڈنڈولی کھیڑہ، قاری محمد ریحان مظاہری، قاری محمد یوسف، حافظ محمد راشد قاری محمد انظر، حافظ محمد اسعد، قاری محمد سفیان، قاری محمد فیضان، حافظ محمد اللہ بندہ، مولانا محمد سلمان ندوی، مکھیا محمد اسلام، حاجی محمد ادریس سلمانی، نسیم احمد چیئرمین امیدوار،حاجی شبیر احمد اور قاری عبدالسبحان رحمانی وغیرہ حضرات کے علاوہ دیگر اداروں سے علماء کرام، دانشورانِ قوم، سماجی وسیاسی شخصیات اور لوگوں و خواتیں کی بڑی تعداد اس بابرکت اجلاس عام میں موجود رہی۔