نئی دہلی، سماج نیوز: دہلی یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر نثار احمد خان کو آج پی ایچ ڈی کی ڈگری کی تفویض کی گئی۔ ریسرچ اسکالر نثار احمد نے سابق صدر، شعبۂ اردو، دہلی یونیورسٹی پروفیسر ابن کنول (مرحوم) کی نگرانی میں مکمل کیا تھا۔ تحقیقی مقالے کا موضوع ’’آزادی کے بعد اردو-ہندی ناولوں کا موضوعاتی وتجزیاتی مطالعہ‘‘ (نمائندہ ناولوں کے حوالے سے) تھا۔ یہ موضوع پروفیسر ابن کنول کی تجویز پر منتخب کیا گیا تھا اور نثاراحمد نے ان کی نگرانی میں آخری تحقیقی مقالہ جمع کیا۔ خاص بات یہ ہے کہ پروفیسر ابن کنول کے ریٹائرمنٹ کے روز یعنی 31 اکتوبر 2022 کو یہ مقالہ جمع کرکے نثاراحمد کو پروفیسرابن کنول کا آخری شاگرد ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس تحقیقی مقالہ کے تحقیقی مقالے کے ممتحن جامعہ ملیہ اسلامیہ کے معروف استاد پروفیسر ندیم احمد تھے۔ نثاراحمد خان نے پروفیسر ندیم احمد کے سوالوں کا تشفی بخش جواب دیا تھا، جس کے بعد پروفیسر ندیم احمد نے انہیں ڈاکٹریٹ کی ڈگری کے لئے مبارکباد پیش کی تھی۔دہلی یونیورسٹی کے 100 سال مکمل ہونے پر 99 ویں سالانہ کنووکیشن تقریب میں وائس چانسلرپروفیسر یوگیش سنگھ کے دست مبارک سے نثاراحمد کو ڈگری تفویض کی گئی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے شرکت کی جبکہ مہمان اعزازی کے طور پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وائس چانسلر پروفیسر یوگیش سنگھ نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنے والے طلباکو روشن مستقبل کے لئے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے تعلیم سے معاشرہ اور ملک کی تعمیر میں اہم تعاون دینے کی نصیحت کی۔نثاراحمد خان نے پی ایچ ڈی سے پہلے ایم فل کا مقالہ بھی پروفیسر ابن کنول کی نگرانی میں مکمل کیا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے دہلی واقع ملک کی معروف درسگاہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) سے ایم اے جبکہ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے علاوہ ایم اے کے دوران جے این یو سے ایڈوانس ڈپلوما ان اردو ماس میڈیا اور مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی سے ڈپلوما ان اردو ماس میڈیا کی ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ نثاراحمد کا تعلق اترپردیش کے بلرام پور ضلع سے ہے۔ وہ طویل عرصے سے صحافت کے میدان میں بھی اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور کئی اہم میڈیا گھرانوں سے وابستہ رہے ہیں۔ ساتھ ہی مدرستہ الہدیٰ سوسائٹی کے زیر اہتمام تعلیمی کانفرنس کا ہرسال انعقاد کرکے علاقے میں تعلیم کو فروغ دینے کا کام کرتے ہیں۔ نثاراحمد خان کو پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض ہونے پر اساتذہ، صحافی، ریسرچ اسکالر اوردوستوں نے بڑی تعداد میں مبارکباد پیش کی ہے۔