جے پور،سماج نیوز: راجستھان کے بھرت پور ضلع کے گھاٹمیکا گاؤں کے رہنے والے نصیر (25) اور جنید عرف جونا (35) کو پولس نے قتل کیس میں نامزد کیا ہے۔ ناصر جنید کی جلی ہوئی لاشیں 16 فروری کو ہریانہ کے بھیوانی کے لوہارو میں ایک جلی ہوئی کار سے ملی تھیں۔ اس معاملے میں متوفی کے اہل خانہ نے الزام لگایا تھا کہ ناصر اور جنید کو گاؤ رکشکوں نے اغوا کرنے کے بعد قتل کیا ہے۔ اب اس معاملے میں راجستھان کے پولس ڈائریکٹر جنرل امیش مشرا نے پیر کو کہا’’راجستھان پولس ہریانہ پولس کے تعاون سے سب کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے‘‘۔ ڈی جی پی نے ایک اور ملزم شری کانت کے اہل خانہ کے ذریعہ راجستھان پولس پر لگائے گئے الزامات کو بھی مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہریانہ میں راجستھان پولس اب تک جہاں بھی گئی ہے وہاں مقامی پولس کے ساتھ مل کر تمام قانونی کارروائی کی گئی ہے۔ ہریانہ کے نوح ضلع میں ڈی جی پی نے واضح کیا کہ راجستھان پولس نے ایک ملزم سری کانت کے اہل خانہ پر حملہ کرنے کے الزام میں مقامی پولس کیساتھ مل کر کارروائی کی ہے اور طے شدہ طریقہ کار اور انسانی حقوق کے مطابق قانونی کارروائی کی گئی ہے۔ ڈی جی پی مشرا نے کہا کہ راجستھان پولس قواعد و ضوابط کے دائرے میں رہ کر ہی جانچ کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کیس میں نامزد 8ملزمان کے علاوہ دیگر ملزمان کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم رنکو سینی (32) کو پولس نے 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا۔ ڈی جی پی کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بھرت پور رینج کے آئی جی اور ایس پی اس معاملے میں اعلیٰ سطح پر ہریانہ پولس کے افسران اور ان کے ہم منصبوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ راجستھان کے ڈی جی پی امیش مشرا نے خود ڈی جی پی ہریانہ سے بات کی ہے اور اس معاملے میں تعاون کی درخواست کی ہے اور ہریانہ پولس مکمل تعاون کر رہی ہے۔