21.1 C
Delhi
نومبر 7, 2024
Samaj News

ضلعی سطح کا فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ کامیابی کیساتھ اختتام پذیر

تمام طلبہ و طالبات کو داد وتحسین، پرخلوص دعاؤں اور گراں قدر انعامات سے نوازاگیا

سدھارتھ نگر، سماج نیوز: ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے زیراہتمام ضلع کے مکاتب اسلامیہ کے طلبہ و طالبات کے مابین ضلعی سطح پر فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ بمقام صدر دفتر ضلعی جمعیت نوگڑھ (سدھارتھ نگر) بدر کی جامع مسجد میں بحسن وخوبی اور انتہائی کامیابی کے ساتھ ختم ہوگیا، جس میں ضلع کے درجنوں مدارس کے طلبہ نے حصہ لیا، جھنوں نے حلقہ واری جمعیات کے مقامی مراکز میں اپنے اپنے مضامین میں اول پوزیشن حاصل کی تھی، ان طلبہ کے ساتھ ان کے اساتذہ اور سرپرست بھی حاضر ہوئے، حکم کے فرائض سرانجام دینے کے لیے پڑوسی ملک نیپال کے مستند ومعتبر علمائے کرام : مولانا محمد نسیم مدنی، مولانا عبدالخالق سلفی مرکزی، مولانا مجیب الدین مدنی، حافظ مولانا فضیل مدنی، مولانا انعام اللہ مدنی، مولانا ضیاء الدین ریاضی، مولانا مسیح الزماں، مولانا حافظ سمیع اللہ عالیاوی صاحبان مدعو کیے گئے تھے، جنھوں نے پوری امانت ودیانت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دئے، سب سے پہلے قرأۃ قرآن کریم کا مسابقہ ہوا، پھر حمد باری تعالیٰ اور نعت خوانی کا سلسلہ شروع ہوا، اس کے بعد اردو، ہندی اور انگلش زبانوں میں تقاریر کا سلسلہ شروع ہوا، تمام مشارکین طلبہ و طالبات نے بےباکی اور عمدگی کے ساتھ اپنے اپنے موضوع کی وضاحت کی، اذکار وادعیہ کا امتحان تقریری ہوا، دینیات کے لیے الگ الگ پرچے بنائے گئے تھے، موسم کی خرابی اور سخت سردی کے باوجود اس فائنل تعلیمی مظاہرہ میں 103 طلبہ و طالبات شریک ہوئے، طلبہ نےاتنی اچھی تیاری کی تھی کہ نمبرات دینے میں حکم صاحبان کو فیصلہ لیتے ہوئے پریشانی آرہی تھی، اسی سبب پوزیشنوں میں ٹکراؤ بھی ہوا اور مساوی نمبرات حاصل کرکے کئی طلبہ پوزیشن کے مستحق قرار دئے گئے۔

اذانِ ظہر کے ساتھ سارے پروگرام پرسکون و خوش گوار ماحول میں ختم ہوگئے، بعد نماز ظہر مہمانوں نے ماحضر تناول کیا، تقریباً تین بجے اختتامی نشست برائے نتائج اعلان وتقسیم انعامات کے لیے منعقد ہوئی جس کی صدارت امیر جمعیت مولانا محمد ابراہیم مدنی اور نظامت مولانا محمد خالد رشید سراجی نے نبھائی، شروع میں اول پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علم نے قرأت کیا اور اس کے بعد حمد و نعت پر مشتمل اشعار گنگنایا، وقت کی تنگ دامانی کے باعث بعض مختصر تاثراتی کلمات ہی پر اکتفا کیا گیا، مولانا مطیع اللہ مدنی نے ضلعی جمعیت کے اس خالص علمی پروگرام پر انتہائی مسرت وشادمانی کا اظہار کیا اور قابل ذکر مدارس کے طلبہ کی عدم شرکت پر افسوس کا اظہار کیا، حکم صاحبان کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا محمد نسیم مدنی نے اپنے تاثراتی کلمات میں کہا کہ "الحمدللہ! آج مورخہ 5فروری 2023ء بروز اتوار ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر یوپی کے فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ میں بطور حکم شرکت کی سعادت حاصل ہوئی، جمعیت کا یہ کارنامہ خوب تر رہا، جماعت کے ذمہ داران مدارس کو چاہیے کہ ایسے تعلیمی مظاہروں ومسابقوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، مکاتب کے علاوہ بڑے اداروں کے طلبہ وطالبات کی شرکت کے لیے بھی ٹھوس اقدام اور لائحہ عمل مرتب کرنے کی شدید ضرورت ہے اور جماعت کے علمائے کرام اور اہل حل وعقد کو چاہیے کہ ذاتی مفاد اور گٹھ بندی سے بالا تر ہو کر ایسے پروگراموں کے انعقاد پر ذمہ داران جمعیت کے ساتھ بھرپور تعاون فرمائیں۔ ضلعی جمعیت سدھارتھ نگر کے تمام ذمہ داران مبارک باد کے مستحق ہیں، اللہ ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور مزید توفیق دے۔ آمین!

تمام حلقوں کے نظماء کی نمائندگی کرتے ہوئے مولانا فخرالدین ریاضی نے کہا کہ ضلعی جمعیت کے ذمہ داران خصوصاً اس کے امیر وناظم قابل مبارک باد اور شکریہ کے مستحق ہیں جنھوں نے ضلعی سطح پر یہ فائنل سالانہ تعلیمی مظاہرہ کا انعقاد کرایا اور شفافیت اور مثالی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا، خوش نصیب مشارکین کی ہمت افزائی اور گراں قدر نصحیت کرتے ہوئے کہا کہ جہد مسلسل کامیابی کی کنجی ہے، وقت کی قدر کرو، محنت سے علم حاصل کرو، ہمیشہ کامیاب رہوگے۔ ان شاء اللہ قابل قدر مہمان خصوصی، خطیب جماعت اورصوبائی جمعیت اہلِ حدیث مشرقی یوپی کے ناظم اعلیٰ مولانا شہاب الدین مدنی نے اپنے خطاب میں ذمہ داران ضلعی جمعیت اور تمام مشارکین طلبہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کے اس پروگرام میں شرکت کرکے مجھے بے حد خوشی ہوئی اور بہت متاثر ہوا، اس طرح کے تعلیمی مظاہروں سے اساتذہ وطلبہ کی ہمت افزائی ہوتی ہے اور مدارس کا معیار تعلیم بلند ہوتا ہے۔ ضلع کے تمام مدارس و مکاتب کو جمعیت سے مربوط رکھنا ضلعی جمعیت سدھارتھ نگر کی بالغ نظر قیادت کا بےنطیر کارنامہ بے۔ اللہ انھیں مزید ہمت و توانائی اور ثبات و استحکام عطا فرمائے۔ آمین!ضلعی جمعیت کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی اور امیر مولانا محمد ابراہیم مدنی نے اپنے مشترکہ بیان میں تمام حاضرین، مشارکین، معاونین ومتعاونین کی تشریف آوری اور ہرممکن تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مکاتب اسلامیہ دین کے مضبوط قلعے ہیں ان کے بقا و استحکام اور تحفظ کی کوشش کریں اور ہمارے اساتذہ کرام قوم وملت کے معمار اور نونہالان ملت کے روشن مستقبل کے ضامن ہیں۔ اس کے بعد نتائج کا اعلان اور ذمہ داران جمعیت، مہمان خصوصی اور دیگر معززین اساتذہ گرامی کے ہاتھوںسالانہ تعلیمی مظاہرہ میں ساتوں حلقوں کے نظماء کی بہتر کار کردگی کے اعتراف میں انھیں اعزازی سند اور مشارکین طلبہ کے مابین انعامات تقسیم کئے گئے، جو کتابیں انعام میں دی گئیں وہ حسب ذیل ہیں :
قرآن کریم1- تفسیر احسن البیان،2- ریاض الصالحین مکمل،3- مختصر فقہ اسلامی مکمل،4 -فقہ السنہ،5- تجلیاتِ نبوت،6 -عبادت،7- قرآن کریم دستور حیات،8- گلہائے رنگا رنگ،9- توشہ خطیب، 10- شیعیت اپنے آئینے میں،11- منظوم یادیں،12- شہدائے احد،13- مقالات،14- میاں سید محمد نذیر حسین محدث دہلوی۔

مزید اول پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو پانچ سو روپیہ، دوم کو تین سو روپیہ اور سوم کو دوسو روپیہ نقد بھی دیا گیا، تمام زمروں میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی تفصیل حسب ذیل ہے :قرأتِ قرآن : میں اول پوزیشن مزمل حسین، دوم مشترکہ طور پر محمد ارشد ومبشرہ انجم، سوم مشترکہ طور پر سمیہ خاتون وعبدالرحمن نے حاصل کیا۔حمد خوانی : میں اول پوزیشن عشرت جہاں، دوم شگفتہ نازش، سوم عاتکہ نے حاصل کیا۔نعت خوانی : میں اول پوزیشن مشترکہ طور پر شمیلہ و عظمیٰ خانم، دوم صدا پروین، سوم مشترکہ طور پر نور ارم وآسمہ خاتون نے حاصل کیا۔اردو تقریر میں اول پوزیشن من تشاء، دوم مسعودہ، سوم فارحہ خاتون نے حاصل کیا۔ ہندی تقریر : میں اول پوزیشن محمد احتشام، دوم رخسار، سوم مشترکہ طور پر اقراء و محمد انس نے حاصل کیا۔انگلش تقریر : میں اول پوزیشن من تشاء، دوم گل افشاں، سوم صائمہ نے حاصل کیا۔دینیات پنجم : میں اول پوزیشن صابرین، دوم دل شاد، سوم مشترکہ طور پر عبد الاحد وتنویرہ نے حاصل کیا۔دینیات چہارم : میں اول پوزیشن مشترکہ طور پر محمد ارمان و افضل حسین، دوم مشترکہ طور پر ارم، بشری، احسن اور سوم طاہر فراز نے حاصل کیا۔دینیات سوم : میں اول پوزیشن مہتاب عالم، دوم ادیبہ خاتون، سوم مشترکہ طور پر اریبہ و عائشہ شفا نے حاصل کیا۔دعائیں پنجم : میں اول پوزیشن شہنواز، دوم رابعہ، سوم عمیر التمش نے حاصل کیا۔ دعائیں چہارم : میں اول پوزیشن مصباح، دوم محمد ارقم، سوم گلفشاں نے حاصل کیا۔دعائیں سوم : میں اول پوزیشن فہد، دوم خدیجہ خاتون، سوم نمبر مشترکہ طور پر مدثرہ خاتون و محمد ندیم نے حاصل کیا۔خوش نویسی : میں اول پوزیشن مہناز، دوم ضمیر اللہ، سوم شبینہ خاتون نے حاصل کیا۔اذان : میں اول پوزیشن ذیشان، دوم مشترکہ طور پر ابو حمزہ و عبید اللہ، سوم زبیر احمد نے حاصل کیا۔ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی نے بتایا کہ برادر عزیز رفیع احمد لبی نائب ناظم ضلعی جمعیت نے انشراح صدر کے ساتھ انعام میں دی گئی کتابوں کی فراہمی اور اس تعلیمی مظاہرہ میں شریک ہونے والے تمام مہمانوں کے کھانے کا نظم ہوٹل ذائقہ سےکیا، اللہ انھیں دنیا وآخرت کی سعادتوں سے سرفراز کرے اور ان کے والد گرامی جناب آفاق احمد (چرچل) رحمہ اللہ کو جنت الفردوس کا مکین بنائے۔ آمین!

اس پروگرام کے انتظام وانصرام میں مقامی وضلعی جمعیات کے اکثر ذمہ داروں کے علاوہ مرکز تحفیظ القرآن (بدر) کے اساتذہ کرام وطلبہ نے بھی حصہ لیا اور اسے کامیاب بنانے میں اپنی قربانیاں پیش کیں، ان میں مولانا محمد ابراہیم مدنی، مولانا عبدالرحیم امینی، مولانا مطیع اللہ سلفی، رفیع احمد لبی، مولانا عبد الرب سلفی، مولانا عبدالرشید مدنی، مولانا سعود اختر سلفی، مولانا شفیع اللہ مدنی، مولانا محمد ہاشم سلفی، مولانا خالد رشید سراجی، مولانا جمشید عالم سلفی، مولانا عبد الرشید سلفی، مولانا عتیق الرحمن سراجی، مولانا صغیر احمد مکی، مولانا غیاث الدین سلفی، مولانا محمد مصطفی مکی، مولانا وصی اللہ سراجی، حافظ اشتیاق احمد فیضی، مولانا ابوبکر سراجی، مولانا امیر اللہ یوسفی اور عبد المنان وغیرہ قابلِ ذکر ہیں۔ ضلعی جمعیت کے اس پروگرام میں حلقات کے امراء ونظماء اور اساتذہ کرام کے علاوہ بعض علمی و سیاسی، صحافی اور سماجی شخصیات نے شرکت کرکے بچوں کی خوب حوصلہ افزائی کی۔ ان نمایاں لوگوں میں سے ڈاکٹر بدر الدین ریاضی، ڈاکٹر افضل حسین خاں، انجینئر اظہار الحق، ڈاکٹر عبد القدوس، مولانا عتیق الرحمن رحمانی، محمد فاروق، مولانا عبد الحکیم سلفی وغیرہم کے اسماء گرامی سرفہرست ہیں، اللہ سب لوگوں کی شبانہ روز کاوشوں کو شرفِ قبولیت بخشے اور جماعت وجمعیت کی مزید خدمت کی توفیق دے۔ آمین

Related posts

جامعہ سلفیہ بنارس میں 75 واں جشن یوم جمہوریہ کا انعقاد

www.samajnews.in

ہزار روپے پانی بل ادا نہ کرنے پر گاؤں کے بیچ خاتون کو پیٹا، MEPکی مہاراشٹر صدر نے کیا دورہ

www.samajnews.in

سب سے بڑے ’’بیوقوف شخص‘‘ کی تلاش میں ٹوئٹر

www.samajnews.in