نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو کہا کہ آزادی کے بعد نیتا جی سبھاش چندر بوس کو بھلادینے کی کوشش کی گئی لیکن اب ملک انہیں ہر لمحہ یاد کر رہا ہے ۔جدوجہد آزادی میں نیتا جی کے تعاون، کامیابیوں اور قربانیوں کی یاد کو زندہ رکھنے کے لیے پچھلے آٹھ سالوں میں کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ ’آج نیتا جی سبھاش کا یوم پیدائش ہے، ملک ’پراکرم دیوس‘ کے طور پر مناتا ہے‘۔ مسٹر مودی نے نیتاجی کی یوم پیدائش پر انڈمان و نکوبار میں منعقدہ ایک عظیم الشان تقریب میں کانفرنسنگ کے حصہ لیتے ہوئے ’پرم ویر چکر‘ فاتحین کے نام پر انڈمان ونکوبار کے 21جزائر کے نام رکھے۔ مسٹر مودی نے کہاکہ’آج 21ویں صدی دیکھ رہا ہے کہ کس طرح نیتا جی سبھاش کو آزادی کے بعد بھلانے کی کوشش کی گئی تھی، آج ملک ہر لمحہ اسی نیتا جی کو یاد کر رہا ہے ۔ انڈمان میں جس جگہ نیتا جی نے پہلی بار ترنگا لہرایا تھا، آج آسمان کو فلک بوس ترنگا آزاد ہند فوج کی طاقت کی تعریف کر رہا ہے‘۔ انہوں نے کہاکہ ’پچھلے 8-9سالوں میں ملک میں نیتا جی سبھاش چندر بوس سے متعلق بہت سے ایسے کام ہوئے ہیں، جو آزادی کے فوراً بعد ہو جانا چاہیے تھے ۔ لیکن اس وقت ایسا نہیں ہوا۔انڈمان و نکوبار جزائر کے 21جزائر کے نام میجر سومناتھ شرما، صوبیدار اور کیپٹن (اس وقت کے لانس نائک) کرم سنگھ، پیرو سنگھ، سیکنڈ لیفٹیننٹ راما رگھوبا رانے ، نائیک جادوناتھ سنگھ، میجر شیطان سنگھ، کمپنی کوارٹر ماسٹر حوالدار عبدالحمید، لیفٹیننٹ کرنل اردشیر برجورجی تاراپور، لانس نائک البرٹ ایکا، میجر ہوشیار سنگھ، سیکنڈ لیفٹیننٹ ارون کھیترپال، فلائنگ آفیسر نرملجیت سنگھ سیکھون، میجر راما سوامی پرمیشورن، نائب صوبیدار بانا سنگھ، کیپٹن وکرم بترا، کیپٹن منوج کمار پانڈے ، صوبیدار میجر سنجے کمار اور صوبیدار میجر سنگھ یادو (ریٹائرڈ) جیسے بہادر سپاہیوں کے نام پر رکھا گیا ہے‘۔ انڈمان میں ایک پہاڑی کیپٹن بترا کے نام بھی وقف کی گئی تھی، جنہوں نے کارگل جنگ میں فتح کا اعلان کیا تھا۔مسٹر مودی نے نیتا جی کے لیے وقف جزیرے پر تعمیر کی جانے والی یادگار کے ماڈل کی بھی نقاب کشائی کی۔ انہوں نے اس جزیرے پر جہاں وہ رہتے تھے نیتا جی کی زندگی اور ان کے تعاون کے لیے وقف ایک یادگار کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔مسٹر مودی نے کہاکہ ’نیتا جی کی یہ یادگار، یہ جزیرے شہیدوں اور بہادر سپاہیوں کے نام پر رکھے گئے ہیں، ہمارے نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کے لیے ایک لازوال ترغیب کا مقام بنیں گے‘۔ انہوں نے اس موقع پر جزائر انڈمان اور نکوبار کے لوگوں اور تمام ہم وطنوں کو مبارکباد دی اور نیتا جی سبھاش اور پرم ویر چکرا ایوارڈ یافتہ افراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔