13.1 C
Delhi
دسمبر 8, 2024
Samaj News

اترپردیش میں نہیں ہوں گے بلدیاتی انتخاب

الٰہ آباد ہائی کورٹ کے جلد انتخاب کرانے کی ہدایت پر سپریم کورٹ کی روک کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے لی راحت کی سانس

نئی دہلی، سماج نیوز: اترپردیش بلدیاتی انتخاب میں ریزرویشن کو لے کر جاری تنازعہ نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔ سپریم کورٹ نے الٰہ آباد ہائی کورٹ کے اس حکم پر روک لگا دی ہے جس میں یوپی حکومت سے 31جنوری تک انتخاب کرانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ سپریم کورٹ کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ ہائی کورٹ نے سبھی باتوں پر توجہ نہیں دی۔سپریم کورٹ کے اس فیصلہ نے اتر پردیش کی یوگی حکومت کو راحت کی سانس لینے کا موقع دیا ہے۔ ہائی کورٹ کے فیصلہ سے ریاستی حکومت پریشان ہوئی گئی تھی اور وزیر اعلیٰ یوگی نے اسی وقت واضح کر دیا تھا کہ وہ سپریم کورٹ جائیں گے۔ سپریم کورٹ جانے کا فیصلہ اب ان کے حق میں ثابت ہوا ہے۔ حالانکہ اس معاملے میں یوپی حکومت پر تبصرہ کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے کہا کہ یوپی حکومت نے ریزرویشن کا دھیان نہیں رکھا۔ عدالت نے کہا کہ پسماندہ کمیشن کو 31مارچ تک سبھی کام پورے کرنے ہوں گے۔ قابل ذکر ہے کہ الٰہ آباد ہائی کورٹ کے جلد انتخاب کرانے کی ہداہت پر سپریم کورٹ کی روک کے بعد اب جنوری میں بلدیاتی انتخاب کرائے جانے کا امکان بھی ختم ہو گیا ہے۔ الٰہ آباد ہائی کورٹ نے 31جنوری تک یوپی میں بلدیاتی انتخاب کرانے کی ہدایت دی تھی۔ اب سپریم کورٹ نے واضح کر دیا ہے کہ بغیر ریزرویشن کے انتخاب نہیں ہوں گے۔ سپریم کورٹ نے ساتھ ہی ریزرویشن کے تعین کے لیے پسماندہ طبقہ کمیشن کو تین ماہ کا وقت دیا ہے۔سپریم کورٹ میں آج ہوئی سماعت کے دوران یوپی حکومت کی طرف سے بتایا گیا کہ بلدیاتی انتخاب کے لیے اس کی طرف سے جاری ریزرویشن کی فہرست میں کوئی خامی نہیں تھی۔ بلدیاتی انتخاب کے لیے وارڈوں اور سیٹوں کے ریزرویشن میں سبھی اصولوں پر عمل کیا گیا۔ ابھی سپریم کورٹ میں اس تعلق سے سماعت جاری رہے گی اور اس کے فیصلے کے بعد ہی بلدیاتی انتخاب کرانے کو لے کر تصویر واضح ہو پائے گی۔بہرحال، سپریم کورٹ کے ذریعہ الٰہ آباد ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگائے جانے کے بعد یوپی کے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کا رد عمل بھی سامنے آ یا ہے۔ انھوں نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا استقبال کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’میونسپل کارپوریشن انتخاب میں ہائی کورٹ کے پسماندہ طبقہ کو ریزرویشن کے بغیر انتخاب کرانے کے حکم پر سپریم کورٹ نے روک لگائی ہے، روک کے حکم کا استقبال کرتا ہوں۔ سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو جی اینڈ کمپنی جو خود پسماندہ طبقات کے مخالف ہیں، ان کو یہ سخت جواب ہے۔‘‘

Related posts

راجیو گاندھی کے تمام قاتل ہوں گے رہا، سپریم کورٹ کا فیصلہ

www.samajnews.in

اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن نے شاعر سہیل اقبال کو اعزاز سے نوازا

www.samajnews.in

ساجدہ سکندر کور کمیٹی ممبر آل انڈیا مہیلا امپاورمنٹ پارٹی کی زیر سرپرستی محبوب نگر تلنگانہ میں بابا بھیم راؤ امبیڈکر پر سالانہ جلسے کا انعقاد

www.samajnews.in