نئی دہلی،سماج نیوز: ظرافت کے شہنشاہ، معروف کامیڈی آرٹسٹ اور دی کپل شرما شو کے اہم فن کار رحمن خان ایک بہترین مزاح نگار ہیں، رحمن خان جتنے اچھے مزاح نگار ہیں، اس سے کہیں زیادہ بہتر انسان ہیں۔ رحمن خان زبان وبیان پر پوری دسترس رکھتے ہیں۔رحمن خان اردو زبان وادب کے ساتھ ساتھ طنز و مزاح سے پوری طرح واقف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایڈوکیٹ عبدالرحمٰن نے آج دہلی اقلیتی کمیشن کے کانفرس ہال میں کیا۔نئے سال کے موقع پر رحمن خان کی دہلی آمد سے دہلی اقلیتی کمیشن اور سیاسی تقدیر کے اشتراک سے انہیں دہلی اقلیتی کمیشن کے کانفرس ہال میں ایک شاندار استقبالیہ دیا گیا۔ اس پروگرام کی نظامت مزاحیہ شاعر انس فیضی نے کی۔ جبکہ پروگرام میں شاکر فیضی نے اپنا کلام پیش کیا۔ مشہور وائس اوور آرٹسسٹ نوشاد ملک نے امین سیانی کی ممیکری کرکے دکھائی اور محمد رفیع صاحب کا گایا ہوا ایک نغمہ بھی پیش کیا۔ اس استقبالیہ پروگرام میں اسٹینڈ اپ کامیڈین رحمٰن خان نے تقریباً سوا گھنٹے مسلسل اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور سامعین کو دادِ تحسین پیش کیے۔ اس مجلس میں انہوں نے اپنی نظمیں اور غزلیں بھی پیش کیں۔ استقبالیہ میں دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر خان نے کہا کہ ایک رحمن ہم سب کا پالنہار ہے، ہم سب پر رحم کرنے والا ہے اور یہاں زمین پر ایک دوسرے رحمن خان اسٹینڈ اپ کامیڈین ہیں۔ یہ ہم سبھی کو ہنسا رہے ہیں۔ یہ پورے ہندوستان میں قومی یک جہتی کو فروغ دے رہے ہیں۔ آج اس طرح کے فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر کام کرنے والوں کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ جس طرح آج یہاں نئے سال کے موقع پر ہم سب لوگ مل جل کر بیٹھے ہیں، اسی طرح ہم سب لوگوں کو بھی ایک دوسرے کے حقوق کا خیال رکھنا چاہئے اور دوسروں کی عزت کرنی چاہیے۔ دہلی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین ذاکر خان نے اس محفل کے اظہارِ تشکر کا فریضہ بھی انجام دیا۔ اس موقع پر سیاسی تقدیر کے ایڈیٹر ان چیف محمد مستقیم خان اور ریزیڈینٹ ایڈیٹر ارشد ندیم، فوٹوگرافر ایم رامش، اویس نواب اور عامر اختر کے علاوہ ’’یہ شاعری ہے‘‘کہ پوری ٹیم میں سے محمد شاہ رخ عبیر، شاکر دہلوی، عمران راہی، سعد اختر صدیقی، اشرف جہانگیر، ندیم احمد چانولہ وغیرہ شامل رہے۔ اس پروگرام کی مناسبت سے سیاسی وسماجی کارکن مسعود ہاشمی، حکیم عطاء الرحمن اجملی، محمد اشرف یاسین کے علاوہ بہت سے لوگوں نے شرکت کی۔