یکم جنوری کو صبح 10:30اور شام 7:30بجے قہقہوں سے بھرپور مشاعرہ ہوگا نشر
نئی دہلی، سماج نیوز: دہلی دوردرشن نئے سال کے موقع پر مسرت و ظرافت سے مخمور،،طنز و مزاح سے معمور اور ہنسی و قہقہوں سے بھرپور خصوصی پروگرام ’ ہنستی رہے زندگی ‘ پیش کرنے جارہاہے۔ پروگرام کے پروڈیوسر محمد سالم نے بتایا کہ ’ہنستی رہے زندگی‘ کے تحت مزاحیہ مشاعرے کا اانعقاد کیا گیا۔اس خصوصی مشاعرے کیلئے ڈی ڈی اردو کے کھیل گائوں میں واقع اسٹوڈیو کے شاندار سیٹ پر ملک کے نامور، معتبر اور مفتخر شعرائے کرام کو دعوت سخن دی گئی جنہوں نے مخصوص مدعو سامعین کےروبرو اپنے فن سے لوگوں کو قہقہے لگانے پر مجبور کیا۔
پروگرام کی نظامت عالمی شہرت یافتہ ناظم مشاعرہ و جدید لب ولہجے کے عظیم شاعر معین شاداب نے کی۔مدعو شعراء میں عبد الرحمان منصور، اقبال فردوسی، شبیر شاد، ارشد ندیم، جہاز دیوبندی، انس فیضی اور مشہور کامیڈین نیرج کوشک دیسی کلاکار نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ پروگرام ایگزیکٹیو ونود کمار، ڈاکٹر نعمان قیصر اور فرحان نجم کی کوششوں اور تخلیقی فکر کے سبب یہ پروگرام ڈی ڈی اردو کیلئے یادگاری پروگرام بن گیا۔ محمد سالم نے کہا کہہ نئے سال کا یہ خوبصورت اور منفرد پروگرام یکم جنوری کو صبح 10:30بجے اور شام کو 7:30بجے نشر کیا جائے گا۔