دوحہ: انگلینڈ اور فرانس نے فیفا عالمی کپ 2022 کے کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ دونوں ٹیموں نے اپنی حریف ٹیموں کو آسانی کے ساتھ ہرا دیا ۔ فرانس نے ایک گول کے مقابلہ تین گولوں سے پولینڈ کو شکست دی جبکہ انگلینڈ نے افریقی چیمپئن سینیگال کی ٹیم کو صفر کے مقابلہ تین گولوں سے شکست دی ۔انگلینڈ نے اپنے اسکورنگ فارم کو جاری رکھتے ہوئے البیت اسٹیڈیم میں راؤنڈ آف 16 کے میچ میں سینیگال کو 3-0 سے شکست دی۔ اس جیت کے ساتھ انگلینڈ نے دفاعی چیمپئن فرانس کے ساتھ آخری آٹھ کے مقابلے میں جگہ بنا لی ہے۔جارڈن ہینڈرسن، ہیری کین اور بوکایو ساکا نے انگلینڈ کی ٹیم کے لیے ایک ایک گول کیا۔
انگلینڈ نے اب تک ٹورنامنٹ میں 12 گول اسکور کر لیے ہیں، جو روس میں گزشتہ ایڈیشن میں حاصل کیے گئے ورلڈ کپ میں ان کے سب سے زیادہ گولوں کے برابر ہے۔پہلے ہاف میں سینیگال کے پاس امکانات تھے لیکن انگلینڈ کو 38 ویں منٹ میں ہینڈرسن نے گول کر کے آگے کر دیا۔ اس کے بعد انگلینڈ نے افریقی ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور کین نے پہلے ہاف کے اسٹاپیج ٹائم میں ایک گول کے ساتھ قطر میں اپنا کھاتہ کھول دیا۔ دسرے ہاف میں ساکا نے 57ویں منٹ میں تیسرا گول کیا اور یہ ان کا اس عالمی کپ میں اب تک کا تیسرا گول تھا۔اس فتح نے افریقی ٹیموں کے خلاف انگلینڈ کی اب تک کی جاری ناقابل شکست دور کو 21 مقابلوں تک بڑھا دیا ہے جن میں عالمی کپ کے آٹھ میچ بھی شامل ہیں۔ مراکش، جو منگل کو اسپین کا سامنا کرے گا، اب ٹورنامنٹ میں واحد افریقی ٹیم رہ گئی ہے۔معطل شدہ ادریسہ گوئے کی غیر موجودگی اور زخمی چیخو کوئیٹے نے سینیگال کے مڈفیلڈ کو بہت کمزور کر دیا تھا۔دوسری جانب سادیو مانے پہلے ہی چوٹ کی وجہ سے سینیگال ٹیم سے باہر ہیں ۔