نئی دہلی، سماج نیوز: چیف جسٹس آف انڈیا یو یو للت نے منگل کے روزمرکزی حکومت سے جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کو اپنا جانشین بنانے کی سفارش کی۔تقرری کے بعد جسٹس چندر چوڑ ہندوستان کے 50ویں چیف جسٹس بن جائیں گے ۔ وہ 10 نومبر 2024 کو ریٹائر ہوں گے ۔سپریم کورٹ کی روایت کے مطابق عام حالات میں سینئر ترین جج کو چیف جسٹس بنانے کی روایت رہی ہے ۔ اس سلسلے میں جسٹس للت کے بعد جسٹس چندر چوڑ آتے ہیں۔جسٹس للت نے 27اگست 2022 کو ہندوستان کے 49ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیاتھا۔ وہ 74دنوں کی اپنی مختصر مدت کار کے بعد 8نومبر 2022کوریٹائر ہونے والے ہیں۔جسٹس للت کو اپنے جانشین کے نام کی سفارش کرنے کیلئے مرکزی حکومت کی وزارت قانون و انصاف نے 7اکتوبر کو ایک خط بھیجا تھا۔جسٹس ڈاکٹر دھننجے یشونت چندر چوڑ ملک کے پہلے سی جے آئی بن جائیں گے جن کے والد بھی ملک کے چیف جسٹس رہ چکے ہیں، صدر کے دستخط ہوتے ہی۔ عدلیہ کی تاریخ میں پہلی بار باپ بیٹے کی جوڑی ہوگی، جو ملک کا چیف جسٹس ہوتا۔ یہی نہیں بلکہ دو بار وہ اپنے والد جسٹس وی وائی چندر چوڑ کے فیصلوں کو بھی پلٹ چکے ہیں۔سپریم کورٹ کے 9 ججوں پر مشتمل آئینی بنچ کا آئین کے تحت رازداری کے حق کو بنیادی حق قرار دینے کا فیصلہ ایک منفرد وجہ سے تاریخی تھا۔ کیونکہ ابھی ڈی وائی چندر چوڑ نے ایمرجنسی کے دوران دیے گئے مشہور اے ڈی ایم جبل پور کیس میں اپنے والد وائی وی چندر چوڑ کے لکھے ہوئے فیصلے کو پلٹ دیا۔