نئی دہلی: بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان نے عمرے کی سعادت حاصل کر لی ہے اور ان کی احرام کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر مقبول ہونے والی تصاویر اور ویڈیوز میں شاہ رخ خان کو احرام باندھے بیت اللہ کا طواف کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ خیال رہے کہ شاہ رخ خان اپنی فلم ڈنکی کی شوٹنگ کیلئے سعودی عرب میں موجود ہیں۔اس سے قبل ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول نے ہندوستانی اداکار اور پروڈیوسر شاہ رخ خان کو فلم انڈسٹری میں ان کی شاندار خدمات کے لیے اعزاز سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔ شاہ رخ خان کو یہ اعزاز یکم سے 10 دسمبر تک بحیرہ احمر کے ساحل پر فیسٹول کے دوسرے سیشن میں دیا جائے گا۔شاہ رخ خان کی ویڈیو اس کیپشن کے ساتھ وائرل ہو رہی ہے کہ ’بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان عمرہ کرنے مکہ مدینہ پہنچ گئے ہیں۔‘ شاہ رخ خان نے اس حوالہ سے خود بھی ٹوئٹ کیا ہے۔ خیال رہےکہ قطر میں شوٹنگ مکمل کرنے کے بعد شاہ رخ خان نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا تھا۔ اس ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے میں لوگوں نے ان سے درخواست کی تھی کہ اگر وہ سعودی عرب آئے ہیں تو عمرہ کی سعادت ضرور حاصل کریں۔