Samaj News

مرکز کی چابیاں مولانا سعد کو سونپے پولس، دہلی ہائی کورٹ نے لگائی پھٹکار

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ نے مرکز نظام الدین میں تبلیغی جماعت کے ہیڈکوارٹر میں عوام کے داخلے پر پابندی کو جاری رکھنے کے لیے دہلی پولس کی دلیل کو خارج کرتے ہوئے پھٹکار لگائی۔ عدالت نے پولس کو مرکز نظام الدین کی چابیاں مولانا سعد کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اس سال مارچ میں رمضان کے مہینے میں مسجد کی پانچ منزلوں پر نماز ادا کرنے کی اجازت دی تھی۔ ہائی کورٹ نے مارچ 2020 کے بعد مئی میں پہلی بار مسجد انتظامیہ کو رمضان کے مہینے کے بعد عوام کو داخلے کی اجازت دینے کی اجازت دی تھی۔ تاہم، منسلک مدرسہ اور ہاسٹل میں عوام کا داخلہ ممنوع ہے۔جسٹس جسمیت سنگھ نے کہا کہ چابیاں اس شخص کو سونپنی ہوں گی جس سے یہ لی گئی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ آپ نے کسی شخص سے قبضہ لیا ہے، آپ اسی شخص کو قبضہ واپس کر دیں، میں جائیداد کی ملکیت کا فیصلہ نہیں کر رہا، میرے سامنے یہ معاملہ نہیں ہے۔ پولس نے دلیل دی تھی کہ اصل مالک جائیداد پر قبضہ کرنے کے لیے آگے نہیں آیا تھا۔ پولس نے کہا کہ دہلی وقف ایکٹ کے تحت متولی کو آگے آنا ہے نہ کہ دہلی وقف بورڈ کو، جو کہ عرضی گزار ہے۔پولس کی سرزنش کرتے ہوئے عدالت عالیہ نے کہا کہ کیا (چابیاں) آپ کے قبضے میں ہیں، آپ نے کس حیثیت سے قبضہ کیا ہے! ایف آئی آر وبائی امراض ایکٹ کے تحت درج کی گئی تھی، جو اب ختم ہو چکی ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر آپ وبائی امراض ایکٹ کے تحت جائیداد قبضہ میں لیتے ہیں اور ایف آئی آر درج کراتے ہیں تو اس وقت جس کا بھی قبضہ تھا وہ قبضے کا مقدمہ دائر کرے گا۔ جب پولس نے کہا کہ جائیداد کے مالک کو آگے آنا پڑے گا تو عدالت نے مرکز انتظامیہ کو پولس سے رجوع کرنے کو کہا۔ عدالت نے پولس سے کہا کہ آپ چابیاں دیں گے اور جو بھی شرائط ہوں گی وہ عائد کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں پولس کا کہنا تھا کہ مولانا سعد سے قبضہ لیا گیا تھا۔ تاہم یہ دعویٰ کیا گیا کہ وہ مفرور ہیں۔ جبکہ مرکز کی انتظامیہ نے کہا کہ وہ نظام الدین میں ہی ہیں اور مفرور نہیں ہیں اور پولس کے سامنے پیش ہوں گے۔

Related posts

ضلعی جمعیت اہلِ حدیث سدھارتھ نگر کے زیر نگرانی حلقہ بانسی اور حلقہ شہرت گڑھ میں سردی سے بچاؤ اور راحت رسانی اسکیم کے تحت مستحقین کے درمیان کمبل اور گرم لباس تقسیم

www.samajnews.in

’اردو قلمکاروں کی ڈائریکٹری‘ ہرگز مستند اور دستاویزی حیثیت کی حامل نہیں ہوسکتی:خواجہ فریدالدین انعامدار

www.samajnews.in

مودی سرنام معاملہ: سپریم کورٹ سے راہل کی بڑی جیت،بی جے پی پریشان

www.samajnews.in