سدھارتھ نگر، سماج نیوز: ضلعی جمعیت اہلِ حدیث، سدھارتھ نگر کے ناظم مولانا وصی اللہ مدنی نے آج خدیجۃ الکبریٰ گرلس کالج، ببھنی بازار میں سیلاب متاثرین کا استقبال کرتے ہوئے اپنے توجیہی و نصیحتی کلمات میں کہا کہ انتہائی مسرت اور خوشی کی بات ہے کہ آج ہم لوگ یہاں ایک خاص مقصد کیلئے آئے ہوئے ہیں، آپ لوگوں سے ملاقات کرکے دلی مسرت وشادمانی حاصل ہو رہی ہے۔ آپ نے لوگوں کو وعظ و نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر، یوپی ایک دعوتی، تعلیمی اور رفاہی تنظیم ہے، جو ضلع سدھارتھ نگر کے سینکڑوں سلفی مکاتب اسلامیہ، کی رہنمائی اور سرپرستی کے ساتھ ساتھ دعوتی ورفاہی فرائض کی انجام دہی میں مصروف ہے۔ ضلعی جمعیت اہل حدیث انسانیت نوازی، انسانی ہم دردی کے پیش نظر سیلاب متاثرین اور موسم سرما میں غرباء اور ضرورت مندوں کی اپنے محدود وسائل اور وسعت وطاقت بھر مدد کرتی رہی ہے۔ حالیہ تباہ کن سیلاب کے باعث جو مالی نقصان ہوا ہے اس کی تلافی اللہ کے علاوہ کوئی نہیں کرسکتا ہے۔ آپ حضرات کو یہ جزوی تعاون ضلعی جمعیت اہل حدیث سدھارتھ نگر کی طرف سے دی جا رہی ہے، جو قوم و ملت کے بہی خواہوں کی جانب سے سیلاب متاثرین کے وقتی مدد ہے۔ آپ نے لوگوں کی توجہ اس بات کی جانب بھی دلائی کہ پروانہ رسالت جانثاران صحابہ حادثات، اموات اور مشکلات کے وقت نوحہ وماتم گریہ وزاری، سینہ کوبی اور کسی طرح کا گلہ وشکوہ نہیں کرتے تھے بلکہ صبر وتحمل کا مظاہرہ کرتے تھے، اس لیے ہمیں بھی تکالیف اور اذیتوں پر صبر کرنا چاہئے اور اس کے بنیادی اسباب ووسائل پر غور کرنا چاہئے۔
ناگہانی آفات وبلیات اور جانی ومالی نقصانات پر صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں: مولانا وصی اللہ مدنی
اگر کوئی کمی اپنی ذات میں نظر آئے تو پہلی فرصت میں اس کی اصلاح کی فکر کرنی چاہئے۔ ہم لوگ کتاب وسنت کے داعی اور مناد ہیں، سلفی عقیدہ کے حامل ہیں، لیکن میدان عمل میں کوتاہ ہیں، ہمیں اپنی کوتاہیوں پر نظر ثانی اور اصلاح کرنے کی سخت ضرورت ہے، پنج وقتہ نمازوں کا خصوصی اہتمام کریں کیوں کہ اقامت نماز دنیا وآخرت کی کامیابی کا ضامن ہے۔آپ نے جماعت کے ارباب ثروت اور مخلص محسنین و مخیرین کا بصمیم قلب شکریہ ادا کیا اور پھر مقامی جمعیت اہلِ حدیث، حلقہ شہرت گڑھ کے اطراف وجوانب اور مضافات میں سیلاب متاثرین کے درمیان ذمہ داران جمعیت کے ہاتھوں بحسن وخوبی بلاتفریق مذھب وملت سیلابی ریلیف تقسیم کیاگیا۔ آخر میں یہ خصوصی دعا کی گئی کہ اللہ تمام معاونین و مشارکین اور ہمدردان قوم وملت کی ہمہ جہت کاوشوں اور مالی تعاون کوشرف قبولیت بخشے۔ آمین
آج کا یہ پروگرام ضلعی جمعیت کے نمائندگان خصوصاً ناظم جمعیت مولانا وصی اللہ مدنی اور مقامی جمعیت کے اہم عہدے داران مولانا شفیع اللہ مدنی امیر حلقہ شہرت گڑھ، مولانا جمشید عالم سلفی ناظم حلقہ شہرت گڑھ، مولانا عبد الرشید سلفی نائب ناظم حلقہ شہرت گڑھ اور علاقہ کے دیگر سیاسی وسماجی اور دینی شخصیات مثلاً مولانا ضیاء الرحمٰن سراجی، مولانا ممتاز احمد جامعی استاد خدیجہ گرلس کالج ببھنی بازار، مولانا عبد الاحد استاد الجامعۃ الإسلامیۃ تلکہنا، مولاناعبارت حسین فلاحی استاد انجمن اسلامیہ ببھنی بازار، افسر علی گنگوا، سمیع اللہ مہتو، حاجی ساہو مہتو، کلو مہتو کی موجودگی اور باہمی تعاون سے اختتام پذیر ہوا۔ تمام حاضرین ومستفدین نے ضلعی جمعیت کے اس عمدہ کام کی تحسین کرتے ہوئے اہل خیر مسلمانوں اور جمعیت کے ذمہ داروں کو ڈھیر ساری دعاؤں سے نوازا۔