25.1 C
Delhi
نومبر 13, 2024
Samaj News

ملک جوڑنے نکلے بیٹے راہل کی ماں سونیا گاندھی سے جذباتی ملاقات

نئی دہلی، سماج نیوز: کانگریس کی ’بھارت جوڑا یاترا‘ جاری ہے۔ ہریانہ میں بڑے پیمانے پر عوامی حمایت اور کامیابی حاصل کرنے کے بعد پد یاترا ہفتہ کی صبح دہلی میں داخل ہوئی۔ راجدھانی دہلی پہنچنے پر یاترا کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ یاترا بدر پور سرحد سے صبح دہلی میں داخل ہوئی۔ یاترا تقریباً 10:30بجے جے دیو آشرم، آشرم چوک کے قریب پہنچی اور شام میں 4.30بجے لال قلعہ پہنچی۔ اس کے بعد یاترا کو 9دن کیلئے بریک لگا دیا گیا۔ اس دوران یاترا میں ہزاروں کی بھیڑ دیکھی گئی۔ اس پد یاترا میںیو پی اے کی چیئرپرسن اور کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اپنے شوہر رابرٹ واڈرا کے ساتھ بھارت جوڑو یاترا میں شرکت کی ہے۔دریں اثنا راہل گاندھی کی سونیا گاندھی سے ملاقات ہوئی۔ ملک کو جوڑنے نکلے بیٹے راہل گاندھی نے جب اپنی والدہ سونیا گاندھی سے ملاقات کی تو یہ لمحہ خاص بن گیا۔ والدہ سونیا گاندھی نے اپنے بیٹے راہل کو گلے لگایا اور بہت پیار کیا۔ سونیا گاندھی کی اپنے بیٹے کے ساتھ جذباتی لمحات کی تصاویر منظر عام پر آ گئی ہیں۔

یہ دوسری بار ہے کہ پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی نے ستمبر میں کنیا کماری سے شروع ہونے والی اس پد یاترا میں شرکت کی۔ اس سے قبل وہ اکتوبر میں کرناٹک میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ میں شرکت کر چکی تھیں اور اس وقت بھی ماں بیٹے کی شاندار تصویر منظر عام پر آئی تھی۔ اس وقت راہل گاندھی اپنی والدہ کے کندھے پر ہاتھ رکھے ہوئے نظر آئے تو کبھی والدہ کے جوتوں کے فیتے باندھتے ہوئے نظر آئے تھے۔وہیں بھارت جوڑو یاترا کے دوران راہل گاندھی نے پہلے آشرم میں درشن کئے اور اس کے بعد درگاہ حضرت نظام الدین پر حاضری لگائی۔

معروف اداکار کمل ہاسن نے بھی اس یاترا میں شرکت کی ہے۔ یاترا جب دہلی کے آئی ٹی او چوراہے کے قریب پہنچی تو کمل ہاسن نے راہل گاندھی کے ہمراہ پیدل سفر کیا۔بھارت جوڑو یاترا کے دہلی پہنچنے پر رسمی طور پر ہریانہ کانگریس کے صدر ادے بھان نے قومی پرچم دہلی پردیش کانگریس کے صدر انیل چودھری کو سونپ دیا۔

اس کے ساتھ ہی راجدھانی دہلی میں داخل ہونے سے پہلے راہل گاندھی نے کہا کہ آج ہم ہندوستان کی راجدھانی دہلی کے دروازے پر کھڑے ہیں۔ یہ اس دورے اور ملک کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ اس پورے سفر میں ہم نے اپنے لوگوں کے علم سے سیکھا ہے۔ ہم نے ان کی تکلیف دیکھی ہے اور ان کی آرزوؤں کو سنا ہے۔‘‘راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’بھارت جوڑو یاترا اب محبت کی کی آواز اور ہندوستان کے لوگوں کے پیغام کو دل والوں کے شہر یعنی دہلی تک لے جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ’’آپ لوگ میرے الفاظ نوٹ کر لیں، آپ کی (بی جے پی) نفرت کو ہماری محبت ختم کرے گی۔‘‘اس موقع پر راہل گاندھی نے کہا کہ کچھ لوگ نفرت پھیلا رہے ہیں لیکن ملک کا عام آدمی اب محبت کی بات کر رہا ہے۔ ہر ریاست میں یاترا میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی۔ راہل گاندھی نے کہا ’’میں نے آر ایس ایس-بی جے پی کے لوگوں سے کہا ہے کہ ہم آپ کی نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولنے آئے ہیں۔ ‘‘

Related posts

امتحان کے دوران طلبہ کیلئے مساجد کے کسی بھی حصّہ میں پڑھائی کیلئے بہتر انتظام کیا جا نا وقت کا تقاضہ

www.samajnews.in

نفرت ہی تمام مذاہب کا مشترکہ دشمن ہے: سپریم کورٹ

www.samajnews.in

سرکار کے حالیہ فیصلوں اور یکطرفہ کارروائیوں سے اقلیتی طبقہ میں خوف اور نا امیدی کی چھاپ صاف نظر آرہی ہے:صابر علی خان

www.samajnews.in