نئی دہلی : کیرالہ سرکار نے جمعرات کو گورنر عارف محمد خان کو کیرالہ کلامنڈلم ڈیمڈ یونیورسٹی کے چانسلر کے عہدہ سے ہٹا دیا ہے ۔ کیرالہ کی موجودہ سرکار نے کیرالہ کلامنڈلم ڈیمڈ یونیورسٹی کے قوانین میں ترمیم کرکے یہ فیصلہ کیا ہے ۔ ساتھ ہی اب اس عہدہ پر آرٹس اینڈ کلچر شعبہ کے کسی معزز شخصیت کو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ کیرالہ حکومت نے کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتی ہے کہ گورنر عارف محمد خان ریاست میں یونیورسٹیوں کے ٹاپ عہدہ پر رہیں ۔کیرالہ حکومت کا یہ فیصلہ ریاست میں وائس چانسلروں کی تقرری کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کو لے کر گورنر عارف خان کے ساتھ سرکار کی چل رہی کھینچ تان کے درمیان آیا ہے ۔ اس سے پہلے وزیر برائے اعلی تعلیم آر بندو نے کہا تھا کہ اگر گورنر عارف محمد خان انہیں ریاست کی یونیورسٹیوں کے چانسلر عہدہ سے ہٹانے سے متعلق آرڈیننس پر دستخط کرنے کیلئے تیار نہیں ہوئے تو ریاستی سرکار اگلے مہینے اسمبلی سیشن بلاکر بل لائے گی۔بتادیں کہ کیرالہ حکومت نے بدھ کو گورنر کو یونیورسٹی کے چانسلر کے طور پر بدلنے اور معزز ماہرین تعلیم کو مقرر کرنے کیلئے ایک آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا تھا ۔ حالانکہ اس کی مخالفت بی جے پی اور کانگریس دونوں نے کی تھی ۔ بتادیں کہ یہ تنازع پچھلے سال دسمبر میں شروع ہوا تھا ، جب عارف محمد خان نے ایک خط لکھ کر کہا تھا کہ وہ یونیورسٹیوں کے چانسلر کے طور پر عہدہ چھوڑنا چاہتے ہیں ۔
previous post