نئی دہلی: کرکٹ کی دنیا کی دو بڑی روایتی حریف ٹیمیں بھارت اور پاکستان آسٹریلیا میں جاری ٹی -20ورلڈ کپ کے سیمی فائنل مقابلوں میں پہنچ گئی ہیں۔سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ پہلے نیوزی لینڈ سے ہوگا اور اگلے روز بھارت کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔کرکٹ کے شائقین کوامید ہو گئی ہے کہ فائنل میں بھارت اور پاکستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہو سکتی ہیں۔سال 2007 میں جنوبی افریقہ میں منعقدہ پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا تھا۔ مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں بھارتی ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس کے بعد سے ہندوستان کی ٹیم T20 ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔موجودہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کی واپسی شائقین کرکٹ کے لیے ایک خواب کی طرح ہے۔اس ورلڈ کپ میں پاکستان اپنا پہلا میچ بھارت سے اور دوسرا زمبابوے سے ہارا۔کرکٹ ماہرین کا خیال تھا کہ پاکستان ٹیم کا سیمی فائنل تک پہنچنا مشکل ہے۔لیکن پاکستان نے نہ صرف اپنے بقیہ میچز جیت لیے بلکہ ایک اہم میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پاکستان کے لیے راستہ صاف کر دیا۔سابق آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن کا کہنا ہے کہ ہر کوئی بھارت اور پاکستان کو فائنل میں دیکھنا چاہتا ہے۔انھوں نے کہا کہ دونوں ٹیمیں 2007 کے فائنل میں بھی آمنے سامنے تھیں اور لوگ چاہتے ہیں کہ دونوں ٹیمیں اس بار بھی فائنل کھیلیں۔لیکن اس کے لیے پاکستان کو سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرانا ہوگا اور پھر انڈیا کو انگلینڈ کے خلاف بھی جیتنا ہوگا۔جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر اے بی ڈی ویلیئرز نے ٹوئٹر پر ووٹ کا آغاز کر دیا۔ 75 فیصد لوگوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان فائنل کے حق میں ووٹ دیا ہے۔انڈیا کے سابق سپنر ہربھجن سنگھ نے لکھا ہے ۔ اچانک ورلڈ کپ دوبارہ زندہ ہو گیا ہے۔ پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل کے بارے میں کیا خیال ہے؟سینئر صحافی راجدیپ سردیسائی نے بھی لکھا ہے کہ پاکستان کی کارکردگی نے 1992 کے ورلڈ کپ کی یاد تازہ کر دی ہے، کیا 2007 کی طرح فائنل میں بھارت اور پاکستان آمنے سامنے ہوں گے۔کرکٹ صحافی بوریا مزمدار نے لکھا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان فائنل اس ورلڈ کپ کو بہترین بنا سکتا ہے۔سابق کرکٹر شعیب اختر جو شروع میں پاکستان کی کارکردگی سے ناراض تھے اب بھارت اور پاکستان کے درمیان فائنل دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔بھارت کے سابق کرکٹر اور کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے سے پہلے ہی کہا تھا کہ اگر پاکستان کی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچتی ہے تو وہ فائنل ضرور کھیلے گی۔