بارش میں دھل گئیں انگلینڈ کی امیدیں، آئرلینڈ کی 5 رنوں سے جیت
میلبورن: انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے تحت مقررہ ہدف سے پانچ رنز پیچھے ہونے کے سبب شکست کا سامنا کرنا پڑا اور آئرلینڈ نے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کیے۔میلبورن: اینڈریو بالبرنی (62) کی نصف سنچری کے بعد گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت آئرلینڈ نے بدھ کو بارش سے متاثرہ ٹی-20 ورلڈ کپ 2022 کے میچ میں انگلینڈ کو 5 رن سے شکست دے دی۔ تاخیر سے شروع ہوئے سپر 12 مرحلے میں آئرلینڈ نے انگلینڈ کو 158 رن کا ہدف دیا۔ جواب میں انگلینڈ نے 14.3اوور میں 105 رن بنائے تاہم بارش کے باعث میچ روک دیا گیا۔ ڈک ورتھ لوئس طریقہ کار کے مطابق انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 14.3 اوور میں 110 رن تک پہنچنا تھا۔ مقررہ وقت تک بارش نہ رکنے کے بعد میچ ختم کر دیا گیا اور آئرلینڈ پانچ رن سے جیت گیا۔آئرلینڈ نے روایتی حریف انگلینڈ کے خلاف ٹی۔20 ورلڈ کپ میں پہلی جیت درج کی۔ اس سے قبل دونوں ٹیمیں ٹاپ ٹورنامنٹ میں صرف ایک بار آمنے سامنے ہوئی تھیں جہاں بارش کے باعث میچ منسوخ کرنا پڑا تھا۔ آئرلینڈ نے اسکور کا دفاع کرتے ہوئے جوس بٹلر، ایلکس ہیلز اور بین اسٹوکس کو 29 رنز پر پویلین بھیجا۔ ڈیوڈ ملان اور ہیری بروک نے چوتھی وکٹ کے لیے 38 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن رن ریٹ بڑھانے میں ناکام رہے۔بروک نے 21 گیندوں پر 18 جبکہ ملان نے 37 گیندوں پر 35 رنز جوڑے۔ چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آتے ہوئے، معین علی نے 12 گیندوں پر تین چوکے اور ایک چھکا لگایا، لیکن میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر رن ریٹ بڑھتے ہی بارش شروع ہوگئی۔ انگلینڈ کو ڈک ورتھ لوئس ضابطے کے تحت مقررہ ہدف سے پانچ رنز پیچھے ہونے کے سبب شکست کا سامنا کرنا پڑا اور آئرلینڈ نے دو قیمتی پوائنٹس حاصل کیے۔قبل ازیں، گروپ اے کے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر آئرلینڈ کو بیٹنگ کے لیے مدعو کیا۔ پال اسٹرلنگ (14) کا وکٹ جلدی گرنے کے بعد بالبرنی نے لورکن ٹکر کے ساتھ 82 رن کی اہم شراکت داری کی۔ بلبرنی نے 47 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رن بنائے، جبکہ ٹکر نے 27 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رن کی اننگز کھیلی۔بالبرنی ٹکر کی شراکت نے آئرلینڈ کو مضبوط پوزیشن میں پہنچا دیا لیکن دیگر بلے باز ٹیم کو بڑے اسکور تک لے جانے میں ناکام رہے۔ آئرلینڈ کا اسکور 15 اوور میں تین وکٹوں پر 127 رن تھا لیکن اگلے پانچ اوورز میں ٹیم نے صرف 30 رن کا اضافہ کرتے ہوئے سات وکٹیں گنوا دیں۔ گیرتھ ڈیلانی 12 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ آئرلینڈ کے چھ بلے باز دو ہندسوں تک بھی نہیں پہنچ سکے۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس اور لیام لیونگسٹن نے تین تین جبکہ سیم کرن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ بین اسٹوکس نے 20ویں اوور کی دوسری گیند پر جوشوا لٹل کی وکٹ لے کر آئرلینڈ کی اننگز 157 رن پر سمیٹ دی۔ خیال رہے کہ آئرلینڈ کا اگلا مقابلہ افغانستان سے ہے جبکہ انگلینڈ کا اگلا میچ آسٹریلیا سے ہے۔