15.1 C
Delhi
دسمبر 8, 2024
Samaj News

مولاناحفیظ الرحمٰن اعظمی عمریؒ: باکمال شخصیت-بے مثال انسان

ادارۂ تحقیقات اسلامی جامعہ دارالسلام عمرآباد کی عظیم کوشش:

حیدرآباد، سماج نیوز: شیخ اسماعیل افضل کے بموجب 24مئی 2022کی وہ کھڑی دوپہر کیسے بھلائی جاسکتی ہے جب استاذ الاساتذہ مولانا حفیظ الرحمٰن اعظمی عمری نے عالمِ جاودانی کو لبیک کہا۔ اناللہ وانا الیہ راجعون۔ مولانا کی وفات پر تقریبًا ساڑھے پانچ ماہ کا عرصہ ہورہاہے، مگردل کا حال یہ ہے:
تو ہی تھا وہ شمع جس کی روشنی تھی ہرطرف
رنگ محفل میں کہاں اب تیرے اٹھ جانے کے بعد
جون 2022کے اوائل میں محترم ذمے دارانِ جامعہ دارالسلام عمرآبادنے مولانا مرحوم کی زندگی کے تابندہ نقوش اورآپ کی روشن خدمات پر مضامین کاایک مجموعہ شائع کرنے کا فیصلہ کیاتھا، جو آج چھپ کر منظرعام پر آگیاہے۔ الحمدللہ۔ اجلاسِ رونمائی کی کارروائی 7نومبر2022کی صبح 11:30بجے جامعہ کے کلیہ ہال میں شروع ہوی۔ شریکِ معتمد جامعہ مولانا کاکا انیس احمد صاحب عمری حفظہ اللہ نے بادیدۂ نم اُن تاثرات کو پیش فرمایا جن کی خواندگی جامعہ کی مجلسِ منتظمہ کے سالانہ اجلاس (منعقدہ: 27اکتوبر2022، چنئی) میں ہوئی تھی۔ مولانا کے یہ تاثرات حقیقت میں اُن کی دل کی آواز تھی۔سننے والوں کو ایسا محسوس ہورہا تھا جیسے مولانا مرحوم کی وفات کاسانحہ کل پرسوں کا ہو۔ مولانا مرحوم کی شخصیت تھی بھی ایسی قدآور، انسانیت نواز اور شجرسایہ دار کے مانند بافیض کہ آپ کو بھلانا آسان نہیں ہے:
کڑے سفر کا تھکامسافر، تھکاہے ایسا کہ سوگیاہے
خود اپنی آنکھیں تو بند کرلیں، ہماری آنکھیں بھگوگیاہے
تقریبِ رُونمائی کتاب


مرتبِ کتاب محمد رفیع کلوری عمری نے اس مجموعۂ مضامین کا تعارف کراتے ہوے بتایا کہ یہ کتاب تقریباً 70مضامین، 11منظومات اور تاریخی قطعات، اور 10پیغامات پر مشتمل ہے۔ لکھنے والوں میں نامور اہلِ علم بھی ہیں، اساتذۂ جامعہ بھی، مرحوم کے تلامذہ بھی ہیں اور عقیدتمند بھی، آپ کے دوست احباب بھی ہیں اور اہلِ خاندان بھی۔ سبھوں نے مولانا کی باکمال وبافیض شخصیت اورآپ کے عظیم اخلاق اور بلند کردار کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ نائب ناظمِ جامعہ مولاناعبدالعظیم صاحب عمری نے مولانا مرحوم کی شخصیت کے بعض ممتاز گوشوں پر اظہارِ خیال کرتے ہوے طلبۂ جامعہ کو پیغام دیا کہ وہ مولانا کی طرح بننے کی کوشش کریں۔ اخیرمیں ناظمِ اجتماع مولانامحمد ابراہیم ہنچالی عمری نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کتاب اس قابل ہے کہ اسے ہر فرزندِ جامعہ خریدے، توجہ سے پڑھے اوراس سے روشنی حاصل کرتے ہوئے اپنی ذات کو ملک وملت کے لیے مفید بناکر مولانا کی طرح فیض رسانی کو اپنی زندگی کا مقصد اور مشن بنالے، یہی اس کتاب کی ترتیب واشاعت کا عظیم مقصد ہے:
کچھ اس طرح جِیو روحِ گلستاں بن کر
تمہارے بعد تمہاری مہک چمن میں رہے
ٹوٹل416صفحات پر مشتمل یہ کتاب ادارۂ تحقیقات اسلامی جامعہ دارالسلام عمرآباد سے حاصل کی جاسکتی ہے۔قیمت 200روپئے۔
مرتب سے بھی رابطہ کیاجاسکتاہے: محمد رفیع کلوری عمری 8680896955، حیدرآباد میں 9391779112۔

Related posts

شہزادی ڈائنا کی طلاق کی وجہ کیا تھی…

www.samajnews.in

الوداع شردیادو! 75 سال کی عمر میں لی آخری سانس

www.samajnews.in

فیفا ورلڈ کپ: مراکش کو24 سال بعد ورلڈ کپ میں ملی جیت

www.samajnews.in