Samaj News

ریاستی اردو ٹیچرز ایسوسی ایشن، تلنگانہ (روٹا، ٹی یس) کی تشکیل کے سلسلے میں اہم اقدامات

تلنگانہ، سماج نیوز:ریاست تلنگانہ کے تمام اردو میڈیم اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اردو کا استحکام اور تمام جائیدادوں کا تحفظ نیز مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے روٹا تلنگانہ کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں یہ طے پایا کہ مستقل منصوبہ بندی کے ساتھ ہمارے اردو اسکولوں، کالجوں کے استحکام اور اساتذہ کرام کے ہر چھوٹے بڑے مسئلے کی سیاسی نمائندوں اور سرکاری افسران تک نمائندگی کی جائے گی اور تمام مسائل کو حل کرنے کی ممکنہ حد تک کوشش کی جائے گی۔
ارمان ریسیڈینسی، چادر گھاٹ، حیدرآباد میں منعقدہ اس اجلاس میں روٹا تلنگانہ کے مشیر اعلیٰ جناب مسعود الدین احمد نے وزیر اعلیٰ چندرا شیکھر راؤ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے حکومت کی جانب سے درسی کتابیں، Bilingual Mirror image ( Urdu & English) اردو میڈیم طلبہ و طالبات کو مفت میں تقسیم کردی گئی ہیں۔جس سے بر وقت ہمارے اردو میڈیم کے تمام طلبہ و طالبات اردو اور انگریزی زبانوں میں مساوی طور پر مہارت حاصل کر سکیں گے۔ اس تاریخ ساز اقدام پر حکومت تلنگانہ کے ہم بےحد شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انگریزی زبان کے حاوی ہونے پر بدلتے حالات سے ہمیں گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے۔ ہم پر امید ہیں کہ صدیوں سے اردو زبان اور اردو اسکول قائم و دائم تھے، ہیں اور رہیں گے۔
روٹا تلنگانہ کے ریاستی کنوینر جناب غازی الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وقت آچکا ہے کہ اب ہم حکومت تلنگانہ کی نظر میں اس بات کو بار بار لے جائیں کہ اردو میڈیم مدارس کو قائم و دائم رکھیں اور مزید ترقی دیں۔ بہت جلد ریاستی اردو ٹیچرز ایسوسی ایشن، تلنگانہ کی ریاستی سطح پر کانفرنس منعقد کریں گے جس میں تمام مسائل کے حل کی منصوبہ بندی کی جائے گی اور اردو ٹیچرز مجلس عاملہ، اردو لکچررز ونگ کو تشکیل دیں گے جس میں ریاست تلنگانہ کے ہر ضلع کی نمائندی ہو گی۔جناب محمد ایوب نے کہا کہ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کے ساتھ اردو کے تعلیمی مسائل اور اساتذہ کے مسائل کی یکسوئی ممکن ہے۔ انہوں نے آندھرا پردیش کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ تحتانوی سطح سے اعلیٰ تعلیم تک تمام مسائل پر اعلیٰ حکام اور سیاسی قائدین سے مسلسل نمائندگی سے مثبت نتائج حاصل ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ خلوص کے ساتھ جدوجہد اور حرکت و عمل کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اپنے تیقن کا اظہار کیا کہ تلنگانہ میں اردو کا مستقبل نہایت روشن و تابناک ہے۔ اساتذہ کے سروس مسائل کے حل کے لیے بھی لائحۂ عمل بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

Related posts

بھوجپوری اداکارہ آکانشا دوبے نے کی خودکشی

www.samajnews.in

مؤمنوں کو متقی وپرہیزگار بنانے کا مہینہ ہے رمضان المبارک:سید عرفان الحق ہاشمی

www.samajnews.in

بھارت جوڑو یاترا‘ میں شامل ہوئیں سونیا گاندھی’

www.samajnews.in