پرشانت کشور کا دعویٰ، کبھی بھی بدل سکتے ہیں پالا
پٹنہ: سیاست کے ماہر پرشانت کشور نے دعویٰ کیا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار مسلسل بی جے پی کے رابطے میں ہیں، اگر حالات کی مانگ ہوئی تو وہ پھر سے بی جے پی کیساتھ اتحاد کرسکتے ہیں۔ وہیں نتیش کمار کی پارٹی جنتادل یو نے پرشانت کشور کے اس دعویٰ کو مسترد کرتے ہوئے اس کو گمراہ کن بتایا ہے ۔ پارٹی نے کہا کہ اس کا مقصد افواہ پھیلانا ہے ۔ بتادیں کہ پرشانت کشور ان دنوں بہار میں پدیاترا کررہے ہیں ۔ ان کی اس یاترا کو سرگرم سیاست میں آنے کے پہلے قدم کے طور پر دیکھا جارہا ہے ۔پرشانت کشور نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے جے ڈی یو ممبر پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش کے ذریعہ بی جے پی کے ساتھ بات چیت کیلئے راستہ کھلا رکھا ہے حالانکہ اس سلسلہ میں ہری ونش نے ردعمل دینے سے انکار کردیا ، لیکن ان کی پارٹی نے اس دعویٰ کو خارج کرتے ہوئے زور دیا کہ نتیش کمار پھر کبھی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ نہیں ملائیں گے۔پرشانت کشور نے مزید کہا کہ جو لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ نتیش کمار بی جے پی کے خلاف قومی اتحاد بنانے کیلئے پوری کوشش کررہے ہیں ، وہ یہ جان کر حیران رہ جائیں گے کہ انہوں نے بی جے پی کے ساتھ راستہ کھلا رکھا ہے ۔ وہ اپنی پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ اور راجیہ سبھا کے دپٹی چیئرمین ہری ونش جی کے ذریعہ بی جے پی کے رابطے میں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہری ونش کو اس وجہ سے اپنے عہدہ سے استعفی دینے کیلئے نہیں کہا گیا ہے ، جبکہ جے ڈی یو بی جے پی سے الگ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ بات دھیان میں رکھنی چاہئے کہ جب بھی ایسے حالات پیدا ہوتے ہیں تو وہ بی جے پی کی جانب واپس جاسکتے ہیں اور اس کے ساتھ کام کرسکتے ہیں ۔وہیں جے ڈی یو نے کشور کی کھینچائی ہے ۔ پارٹی ترجمان کے سی تیاگی نے کہا کہ نتیش کمار نے عوامی طور پر اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں پھر کبھی بی جے پی کے ساتھ ہاتھ نہیں ملائیں گے ۔ تیاگی نے کہا کہ ہم ان کے دعوی کی تردید کرتے ہیں ۔ نتیش کمار 50 سال سے زیادہ وقت سے سرگرم سیاست میں ہیں، جبکہ کشور چھ مہینے سے ہیں ۔ کشور نے افواہ پھیلانے کیلئے اس طرح کا گمراہ کن تبصرہ کیا ہے ۔