میسورو (کرناٹک)، سماج نیوز: کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے اتوار کی شام کرناٹک کے میسور میں بارش میں بھیگتے ہوئے ایک پرہجوم ریلی سے خطاب کیا۔ اپنی ‘بھارت جوڑو یاترا’ کو بابائے قوم کے نام وقف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے لوگوں کو ہمیشہ آگے بڑھنے بے خوف اور خود مختار رہنے کا درس دیا۔مسٹر گاندھی نے کہا کہ کنیا کماری سے کشمیر تک کا یہ یاترا کسی وجہ سے نہیں رکے گی اور انہوں نے لوگوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ دور دراز سے آنے اور بارش میں کھڑے ہوکر ان کی باتیں سنیں۔کانگریس کے ترجمان پون کھیرا نے ٹویٹ کیا’شروعات میں، میں نے راہل گاندھی کو کور کرنے کی کوشش کی، لیکن پھر دیکھا کہ وہ بارش کے رکنے کا انتظار نہیں کرنا چاہتے تھے کیونکہ ہزاروں لوگ انہیں سننے کیلئے بارش میں بھیگ رہے تھے ۔ انہوں نے اپنا خطاب شروع کیا اور پوری طرح بھیگ گئے ۔ ایک سچا ہندوستانی لیڈر‘۔کانگریس کے سینئر لیڈر جے رام رمیش نے کہا’یہ ایک واضح اعلان تھا۔ نفرت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف ملک کو متحد کرنے والی بھارت جوڑو یاترا کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی ہے ۔اتوار کی شام کو یاترا کا آغاز زبردست ہوا کیونکہ بھیڑ ایک پرجوش اور تہوار کے ماحول میں دیکھی گئی۔ یاترا سری کالی ویرما مندر سے شروع ہوئی اور میسور ضلع میں تیزی پکڑی‘۔ قبل ازیں مسٹر گاندھی نے ایک بیان میں دورے کے اہم مقاصد کا خاکہ پیش کیا۔ بعد میں وہ ننجن گڈ میں شری شری کانتیشورا سوامی مندر درشن کرنے کیلئے گئے ۔ دورے کے دوران کچھ سرکردہ لوگوں نے مسٹر گاندھی سے ملاقات کی۔ اگلے 21 دنوں میں یہ یاترا کرناٹک میں 511کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی۔ پانچ ماہ اور 3500کلومیٹر کی یہ یاترا تمل ناڈو کے کنیا کماری سے جموں و کشمیر کے سری نگر تک کی ہے ۔یہ کانگریس پارٹی کا قومی تعلقات عامہ کا پروگرام ہے جس کا مقصد سماجی پولرائزیشن، معاشی عدم مساوات اور سیاسی مرکزیت کو بھی اجاگر کرنا بھی ہے۔ وہیںکانگریس لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے شروع کی گئی بھارت جوڑو یاترا کیلئے تلنگانہ میں روٹ میپ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ حیدرآباد شہر کے قلب سے اس سفر کیلئے روٹ میپ تیار کیا گیا ہے ۔ راہل کی یاترا 14 دنوں تک جاری رہے گی جس میں 7 پارلیمنٹ اور 17اسمبلی حلقوں سے 375کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا جائے گا۔راہل کی یہ یاترااہم مقامات جیسے شمس آباد، آرام گھر، چارمینار، افضل گنج، معظم جارہی مارکٹ، گاندھی بھون، نامپلی درگاہ حضرات یوسفینؒ،وجئے نگر کالونی، ناگرجناسرکل، پنجہ گٹہ، امیرپیٹ، کوکٹ پلی، میاں پور، پٹن چیرو سے گذرے گی۔راہل گاندھی فی الحال کرناٹک میں یہ یاتر ا کررہے ہیں۔ان کی یہ یاترا 24اکتوبر کو تلنگانہ میں داخل ہوگی۔