سعودی وژن 2030 کے تحت بھارت اور سعودی عرب کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت، اس دورے کا مقصد سعودی وژن 2030 اور زائرین و عمرہ ادا کرنے والے افراد کی میزبانی کے لیے جامع منصوبوں کا خاکہ پیش کرنا ہے،ہندوستان میں عمرہ ویزا کیلئے 3ویزا سینٹرز کی توسیع کی جارہی ہے: حج وعمرہ وزیر توفیق بن فوزان الربیعہ
نئی دہلی،سماج نیوز سروس: قومی دارالحکومت دہلی کے جن پتھ روڈ پر واقع جواہر لال نہرو بھون میں آج وزارت اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی اور سعودی حکومت کے حج و عمرہ کے وزیر توفیق بن فوزان الربیعہ نے مشترکہ طور پر پریس کانفرنس کا انعقاد کیا، جس میں بھارت اور سعودی عرب کے درمیان تعاون بڑھانے پر بات چیت ہوئی۔سعودی حکومت کے وزیر نے اسمرتی ایرانی کے ساتھ پریس کانفرنس میں عمرہ سے متعلق معلومات فراہم کی۔اس دوران اسمرتی ایرانی نے بتایا کہ سال 2023 میں بھارت سے آنے والے عازمین حج میں 47 فیصد خواتین شامل تھیں۔ جبکہ وزیر حج سعودی عرب کی جانب سے بتایا گیا کہ سال 2022 سے 2023 کے درمیان عمرہ کرنے والوں کی تعداد میں 74 فیصد اضافہ ہوا ہے جو تقریباً 12 لاکھ ہے۔ اس دوران کم لاگت کی براہ راست پروازوں کو بڑھانے پر کام کریں گے تاکہ مزید بہتری لائی جا سکے۔
ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے بتایا کہ سعودی عرب حکومت کی جانب سے بھارت میں عمرہ ویزہ کے لیے تین ویزا سینٹرز کی مزید توسیع کی جارہی ہے جس کے ذریعے بھارتیہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ حج پالیسی 2024 کا اعلان دو روز قبل ہی کیا جا چکا ہے جس کی آخری تاریخ 20 دسمبر رکھی گئی ہے حالانکہ امید کی جا رہی تھی کہ حج سے متعلق کوئی اہم اعلان کیا جا سکتا ہے لیکن اس سلسلہ میں کوئی اہم اعلان نہیں کیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ بھارت کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اس دورے کا مقصد سعودی وژن 2030 اور زائرین و عمرہ ادا کرنے والے افراد کی میزبانی کے لیے جامع منصوبوں کا خاکہ پیش کرنا ہے۔ اس دورے کے دوران وزیر حج بھارت کے رہنماؤں اور حج و عمرہ خدمات کے شعبے میں نمایاں شخصیات کے ساتھ اعلیٰ سطحی بات چیت میں حصہ لیں گے، جس سے بنیادی طور پر رابطہ اور تعاون مضبوط ہوگا۔ بات چیت میں خاص طور پر بھارتیہ مہمانوں کے حرمین شریفین تک آسان سفر کے لیے سہولت فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جس میں آسان اور موثر خدمات فراہم کرنے کے عزم پر زور دیا جائے گا اس اقدام کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ہی بھارت میں تین ویزا مراکز کھولنے کا منصوبہ ہے۔ان دوروں کا بنیادی مقصد خادم حرمین شریفین کی حکومت کی طرف سے عازمین عمرہ اور مملکت میں آنے والے زائرین کو فراہم کی جانے والی غیر معمولی خدمات کو ظاہر کرنا ہے ۔
جناب وزیر حج کے ساتھ ایک معزز وفد ہے جس میں وزارت کے بڑے حکام اور نجی شعبہ اور متعلقہ اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔ اس دورے کا مقصد ہندوستان سے آنے والے اللہ کے مہمانوں کو دستیاب سہولیات سے متعارف کروانا ، الیکٹرانک عمرہ ویزا اور نسک پلیٹ فارم کے مخصوص فوائد کو اجاگر کرنا اور غیر معمولی خدمات فراہم کرنے کے عزم کو تقویت دینا ہے۔یہ بین الاقوامی دورے حج ماحولیاتی نظام میں وزارت اور اس کے شراکت داروں کی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں تاکہ مضبوط مواصلاتی چینلز اور دنیا بھر کے ممالک کے ساتھ تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ ان دوروں کا بنیادی مقصد خادم حرمین شریفین کی حکومت کی طرف سے عازمین عمرہ اور مملکت میں آنے والے زائرین کو فراہم کی جانے والی غیر معمولی خدمات کو ظاہر کرنا ہے۔
مزید یہ کہ یہ اقدامات اللہ کے مہمانوں کے لیے بہترین ممکنہ تجربہ فراہم کرنے کے لیے حکومت کے ثابت قدم عزم کے مطابق مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ جانے والوں کے لیے طریقۂ کار کو آسان اور بہتر بنانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اجتماعی مقصد عمرہ اور زیارت کے تجربے میں ایک معیاری اور منفرد تبدیلی لانا ہے، جس سے سعودی عرب کے زائرین کی بہترین اور بے مثال مہمان نوازی کی خدمت کرنے کے مستقل لگن کو مزید اجاگر کیا جا سکے۔