بنگلورو: کرناٹک واقع یادگیر کی ایک مقامی عدالت نے جمعہ کو انڈولا میں کرونیشور مٹھ کے پجاری اور شری رام سینا کے ریاستی صدر سدھلنگ سوامی کو ہیٹ اسپیچ کا قصوروار ٹھہرایا۔ کرناٹک پولس نے 2015 میں مسلمانوں کے خلاف نفرت بھری تقریر دینے کے معاملے میں سوامی کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔یادگیر ضلع کے سول کورٹ کے جج رویندر ہونولے نے شری رام سینا کے لیڈر سدھلنگ سوامی کو ہیٹ اسپیچ کا قصوروار ٹھہرایا۔ عدالت نے افسران کو سدھلنگ سوامی کے پس منظر اور تاریخ کی تفصیل جمع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اسی کی بنیاد پر سوامی کی سزا طے کی جائے گی۔واضح رہے کہ 2 جنوری 2015 کو سدھلنگ سوامی نے یادگیر کے گورنمنٹ جونیئر کالج گراؤنڈ میں وشو ہندو پریشد کے ذریعہ منعقد ایک تقریب میں اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔ یادگیر پولیس نے ان کے خلاف مذہب، ذات، یومِ پیدائش، رہائش اور قصداً برے عمل کی بنیاد پر مختلف گروپوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے کے معاملے میں کیس درج کیا تھا۔واضح رہے کہ 2014 میں مرکز میں بی جے پی کی مودی حکومت آنے کے بعد سے ملک بھر میں اقلیتی طبقہ کے خلاف ہیٹ اسپیچ کے معاملے بڑھ گئے ہیں۔ وشو ہندو پریشد، بجرنگ دل، شری رام سینا کے علاوہ بھی چھوٹی موٹی کئی تنظیمیں ابھر آئی ہیں، جن کے کئی لیڈران کھلے عام مسلمانوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دیتی آئے ہیں۔ حالانکہ ان معاملوں میں اب تک کوئی بڑی کارروائی نہیں ہوئی ہے۔