میرٹھ-نئی دہلی،سماج نیوز: بہوجن سماج پارٹی کے لیڈر اور یو پی کے سابق وزیر حاجی یعقوب قریشی اور ان کے بیٹے کو میرٹھ پولس نے جمعہ کے روز دہلی سے گرفتار کر لیا۔ پولس کو کافی عرصے سے ان دونوں کی تلاش تھی اور ان پر انعام کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق میرٹھ کرائم برانچ کی ٹیم نے حاجی یعقوب قریشی اور ان کے بیٹے عمران قریشی کو دہلی کے چاندنی محل تھانہ علاقے کے ایک گیسٹ ہاؤس سے گرفتار کیا۔ کرائم برانچ کی ٹیم گزشتہ 9 ماہ سے اس کی تلاش میں تھی۔میرٹھ پولس نے سابق وزیر حاجی یعقوب قریشی کے ساتھ 7 لوگوں پر گینگسٹر ایکٹ کے تحت الفہیم میٹرکس پرائیویٹ لمیٹڈ، علی پور، کھرکھودا میں بغیر اجازت گوشت کی پیکنگ اور پروسیسنگ کرنے پر مقدمہ درج کیا تھا۔ ان میں قریشی کی سابق اہلیہ اور دونوں بیٹوں کے نام بھی شامل تھے۔ اترپردیش کی بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی)حکومت میں وزیر رہے یعقوب قریشی اور ان کے بیٹے عمران قریشی کو پولس نے دہلی سے گرفتار کر کے آج میرٹھ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا۔ یعقوب کی گرفتاری پر پولس نے 50ہزار روپئے کے انعام کا اعلان کررکھا تھا۔ اس کی اطلاع ملتے ہی آج یہاں کھرکھودا تھانے کے آس پاس حاجی یعقوب کے حامیوں اور بی ایس پی کارکنوں کی کثیر تعداد میں بھیڑ جمع ہوگئی۔ایس پی (کرائم) امت کمار نے بتایا کہ حاجی یعقوب قریشی اور عمران قریشی کو کھرکھودا تھانے میں رکھا گیا تھا۔ جہاں ان سے پوچھ گچھ کے بعد میرٹھ کی عدالت میں پیش کیاگیا۔ عدالت میں پیش ہونے کے بعد دونوں کو عدالتی تحویل میں جیل بھیج دیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ پہلے ہی دونوں پر پولس نے 50ہزار روپئے کے انعام کا اعلان کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ کھرکھودا کے علی پور واقع میٹ کمپنی الفہیم میٹیکس پرائیویٹ لمیٹڈ میں بغیر اجازت کے میٹ پیکجنگ اور پروسیسنگ کے الزام میں 31مارچ 2022کو سابق وزیر قریشی کے بیٹے عمران، فیرو ز اور بیوی سمیت 17افراد پر کھرکھود تھانے میں مقدمہ درج کرایاگیا تھا۔اس معاملے میں یعقوب قریشی کے دوسرے بیٹے فیروز کو پہلے ہی گرفتار کر کے جیل بھیجا جاچکا ہے ۔ جبکہ حاجی یعقوب قریشی اور عمران فرار چل رہے تھے اور پولس سے بچنے کیلئے راجستھان سمیت دہلی میں ٹھکانے بدل۔بدل کررہ رہے تھے ۔