کیف: یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے یوکرین پر روسی حملے کے نو ماہ مکمل ہونے پر روسی فورسز کے خلاف مزاحمت پر اپنی قوم کو خراج تحسین پیش کیا۔یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز یوکرین میں منائے جانے والے ‘’یوم توقیر و آزادی‘ کے موقع پر روس کے خلاف یوکرینی عوام کی مزاحمت پر خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا’ہم اپنا سب کچھ وارنے پر تیار ہیں، ہم اسلڑائی کو آخر تک لڑنے کے لیے تیار ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ یوکرین نے آزادی کی ایک بھاری قیمت ادا کی ہےاور وہ یہ قیمت آئندہ بھی ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے اپنے ویڈیو میسیج میں مزید کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا ہے کہ یوکرینی عوام کیا کچھ کرنے کے قابل ہیں’دنیا نے دیکھا کہ ہم کیسے دنیا کی سب سے بڑی فوجوں میں سے ایک کے خلاف مزاحمت کر کے دنیا کی سب سے بہترین فوجوں میں سے ایک بن سکتے ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ روسی حملے کے بعد لاکھوں یوکرینی شہریوں نے جان بچانے کے لیے ملک سے نکلنے کی بجائے اپنے ملک میں ٹھہرنے اور یوکرین کی حفاظت کا عزم ظاہر کیا’اور یوں اپنے خالی ہاتھوں کے ساتھ بموں اور گولیوں کی پروا کیے بغیر روسی فوج کے سامنے ڈٹ گئے‘۔یوکرینی تفتیش کاروں کا کہنا ہےکہ یوکرین پر روسی حملے کے نتیجے میں اب تک مجموعی شہری ہلاکتیں آٹھ ہزار تین سو سے تجاوز کر چکی ہیں۔ اتوار کے روز دارالحکومت کییف میں اٹارنی جنرل اندری کوسٹن نے کہا کہ ہلاک ہونے والے عام شہریوں میں چار سو سینتیس بچے بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ نو ماہ سے جاری اس لڑائی میں اب تک گیارہ ہزار سے زائد عام شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہلاکتوں کی تعداد ان اندازوں سے زائد ہو سکتی ہے، کیوں کہ اب تک یوکرینی حکام کو روس کے زیرقبضہ علاقوں تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ واضح رہے کہ روس اب تک یوکرین پر قریب چار ہزار سات سو میزائل داغ چکا ہے۔