دوحہ: اتوار کو ورلڈ کپ 2022 کے آغاز پر میزبان ملک قطر اور ایکواڈور کے درمیان ہونے والے پہلے میچ میں ایکواڈور نے قطر کو صفر کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دے دی ہے۔اس طرح اب تک ہونے والے فٹ بال کے عالمی مقابلے میں قطر وہ پہلا ملک بن گیا ہے جو میزبان ہو کر بھی اپنا پہلا میچ ہار گیا ہے۔ ایکواڈور کے اینر ویلنشیا نے میچ کے پہلے ہی ہاف میں دو گول کر کے اپنی فتح کو یقینی بنا لیا تھا۔
اس سے قبل 12 سال تک سوالات، تنقید اور افواہوں کا سامنا کرنے کے بعد قطر میں فٹ بال ورلڈ کپ ٹورنامنٹ کا آغاز اتوار کی شام ہوا۔ پہلی بار ایک اسلامی ملک میں منعقد ہونے والا یہ ٹورنامنٹ ابتدا سے ہی تنازعات میں گھرا رہا تاہم فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی 32 ٹیموں کو فٹ بال پر توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ افتتاحی تقریب کے بعد ٹورنامنٹ کا آغاز میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان میچ سے ہوا۔