45.1 C
Delhi
مئی 29, 2024
Samaj News

سدبھاؤنا سنسد‘ سے قائم ہوگی یکجہتی’

دیوبند سے بلند ہوئی آواز، جمعیۃ علماء ہند کے پروگرام میں تمام مذاہب کے رہنماؤں کا عزم

رضوان سلمانی

دیوبند، سماج نیوز: سدبھاؤنا منچ جمعیۃ علماء ہند کے تحت آج دیوبند میں سدبھاؤنا سنسد کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں اور سرکردہ شخصیات نے شرکت کرکے متحدہ طور پر ملک میں امن و اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا اور جمعیۃ علماء ہند کی سدبھاؤ نا مہم کی تعریف کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ اس دوران شرکاء نے ہاتھ اٹھاکر اتحاد کا پیغام دیا۔عیدگاہ روڈ پرواقع شیخ الہند ہال میںمنعقد سدبھاؤنا سنسد میں جمعیۃ علماء ہند کے نائب صد رمولانا محمد سلمان بجنوری استاذ دارالعلوم دیوبند، مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند ، ماتیر پور بالا سندری دیوی ٹرسٹ کے صدر ستیندر شرما، ڈاکٹر ڈی ے جین، سیٹھ کلدیپ کمار، اشوک گپتا، ونود پرکاش گپتا وغیرہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے کلیدی خطاب میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ دیوبند نے ہمیشہ اتحاد، امن اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے اور ایک بار پھر اسی جذبے کے ساتھ یہاں سے آواز بلند ہوئی ہے جو پورے ملک میں سنی جائے گی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ جمعیۃ علماء سہار پور یونٹ کی طرف سے 12 افرادپر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، جس میں 6 مسلم اور 6 غیر مسلم شامل ہیں جو موجودہ نفرت کے دور کو ختم کرنے کیلئے کام کرے گی، اس طرح کی کمیٹیاں ملک بھر میں قائم کی جائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ جمعیۃ ہند پورے ملک میں اپنے قومی صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی سرپرستی میں ایک ہزار سدبھاونا سنسد منعقد کررہی ہے اور اسی کے تحت آج دیوبند کا یہ پروگرام منعقد ہو ا ہے۔تریپورہ بالا سندری دیوی مندر ٹرسٹ کے صدر پنڈت ستیندر شرما نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ملک کو متحد کرنے اور ملک کے امن و بھائی چارہ کو مضبوط کرنے کیلئے روز اول سے ہی کام کر رہی ہے،جو قابل ستائش ہے۔انہوںنے کہاکہ سماج میں پیدا رہورہی دوریوں کو اس طرح کے پروگراموںسے ختم کیا جاسکتاہے، اس لیے اس طرح کے پروگرام ہوتے رہنا چاہئے،کیونکہ متحدہ پیغام ہی ملک کی طاقت ہے،انہوںنے جمعیۃ علماء ہند کی اسکاؤٹ گائیڈ مہم کی تعریف کی اور اسکاؤٹ سینٹر میں رخنہ ڈالنے والوں پر سخت تنقید کی۔دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث و نائب صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سلمان بجنوری نے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مسئلہ ہندو مسلمان کا نہیں ہے بلکہ اصل مسئلہ ہمارے ملک کا ہے اور اس کی بقاء اور تہذیب کو باقی رکھنے کاہے، انہوں نے کہاکہ آ ج کے پروگرام کا مقصد یہی ہے ماحول کو خوشگوار بنایاجائے اور شرپسندعناصر کی سازشوں کو ناکام بنایاجائے۔مہمان خصوصی مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت میں کابینہ کے وزیر اور جمعیۃ علماء بنگال کے ریاستی صدر مولانا صدیق اللہ چودھری نے ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا کہ دیوبند اور جمعیۃ نے ہمیشہ بھائی چارے اور اتحاد کو مضبوط کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، اب ایک بار پھر دیوبند کے اوپر یہ بڑی ذمہ داری عائد ہے کہ وہ ملک و دنیا میں امن قائم کرنے کیلئے وہی کردار ادا کرے جو اس کی تاریخ اور روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسانیت، بھائی چارے اور مساوات کو بہت اہمیت دی ہے، اسلام نے ہمیشہ انسانیت کو ترجیح دی ہے اور نبی کریم نے پوری انسانیت کے لئے امن و سلامتی کا بے نظیر پیغام دیاہے۔جس پر عمل کرنے سے پوری انسانیت فلاح وکامیابی پاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند سدبھاؤنا منچ قائم کرکے ملک کو ایک لڑی میں پرونے کا کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان سے اچھا ملک پوری دنیا میں نہیں ہے، لیکن آج کچھ فرقہ پرست طاقتیں ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتی ہیں ،ہمیں ملک کی سالمیت کے لئے اس بات کو سمجھنا ہوگا، انہوںنے کہاکہ ابھی یہ بات نہ سمجھی گئی تو پھر مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائیگا، انہوں نے ملک کی آزادی میں علمائے کرام کی قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی کہاکہ ملک کی آزادی در حقیقت اتحاد کے سبب ہوئی تھیں اور اب ایک مرتبہ پھر ملک کو اسی اتحاد کی ضرورت ہے۔ایس پی دیہات سورج رائے نے کہا کہ ملک کی مضبوطی کیلئے خیرسگالی کا پیغام ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام وقتاً فوقتاً منعقد ہونے چاہئیں تاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی دوریاں ختم ہوسکیں اور ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو زندہ رکھا جا سکے۔انہوں نے جمعیۃ علماء ہند کی سدبھاؤنا کاوشوں کی ستائش کی۔ایس ڈی ایم سنجیو کمار اور سی او رام کرن سنگھ نے کہا کہ دیوبند نے ہمیشہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو مضبوط کرنے کیلئے کام کیا ہے اور اس کی آواز پوری دنیا میں سنی جاتی ہے، یہ ایک بہترین کوشش ہے، جس سے سماج میں پھیلی دوریاں ختم ہوگی اور ایک اچھا پیغام جائے گا۔ونود پرکاش گپتا، ڈاکٹر پردیپ ورما، دیپک راج سنگھل، اشوک گپتا، ڈاکٹر ڈی کے جین، سیٹھ، کلدیپ کمار، چندن سنگھ راناوغیرہ نے اپنے خطاب کے دوران کہاکہ دیوبند نے مذہب اور تعلیم کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو امن و ہم آہنگی کا پیغام دیاہے۔پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ضلع صدر مولانا ظہور احمد قاسمی، پروگرام کنوینر پرویندر کمار اورضلع سکریٹری سید ذہین احمد نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند نے ہمیشہ ملک کو مضبوط کرنے کیلئے خیر سگالی کا پیغام دیا ہے۔ پرویندر کمار اور ذہین احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت سید وجاہت شاہ نے کی اور مولانا سلمان بجنوری کی دعاء پر پروگرام کا اختتام ہوا۔اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے آرگنائزر قاری احمد عبداللہ رسول پوری، ضلع سکریٹری مولانا ابراہیم قاسمی، مسلم فنڈ ٹرست دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، جمعیۃ علماء ہند کی مجلس منتظمہ کے رکن مولانا شمشیر قاسمی،رامپور تحصیل کے صدر مفتی عارف مظاہری، رکن مجلس منتظمہ قاری زبیر احمد قاسمی، نجم عثمانی،فیضی صدیقی، قاری ایوب،مولانا عبدالمنان،قاری محمد قاسم،قاری دلشاد،مولانا بلال احمد،مولوی فہیم احمد،انعام احمد، مولانا عرفان،محمد ہارون، سید حارث ، چودھری اوم پال سنگھ ،سیٹھ عبدالرب اور قاری سیف الاسلام وغیرہ سمیت کثیر تعداد میں ہندومسلم سماج کی شخصیات نے شرکت کی۔

Related posts

خون مسلم رائیگاں نہیں جائے گا قاتلوں پر عذاب لا ئے گا

www.samajnews.in

مودی حکومت نے جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا

www.samajnews.in

ممتاز عالم دین کو پھانسی دے سکتی ہے سعودی عرب

www.samajnews.in