ممبئی،سماج نیوز: بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن آج 80برس کے ہوگئے۔ 11اکتوبر 1942کو الہ آباد میں پیدا ہونے والے امیتابھ بچن نے اپنے کیرئیر کا آغاز کولکتہ میں سپروائزر کے طور پر کیا جہاں انہیں 800روپے ماہانہ تنخواہ ملتی تھی۔ 1968میں کلکتہ میں ملازمت چھوڑنے کے بعد امیتابھ ممبئی چلے گئے ۔ان کا جھکاؤ اداکاری کی طرف تھا۔ دلیپ کمار سے متاثر ہو کر وہ ان جیسا اداکار بننا چاہتے تھے۔1969میں امیتابھ بچن کو پہلی بار خواجہ احمد عباس کی فلم سات ہندوستانی میں کام کرنے کا موقع ملا لیکن یہ فلم ناکام ہو گئی۔ سامعین کے درمیان کوئی خاص پہچان نہ بناسکے ۔سال 1971میں امیتابھ بچن کو راجیش کھنہ کے ساتھ فلم آنند میں کام کرنے کا موقع ملا۔ راجیش کھنہ جیسے سپر اسٹار ہونے کے باوجود امیتابھ بچن ناظرین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرنے میں کامیاب رہے ۔ اس فلم کے لیے انھیں معاون اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔ سال 1973میں ریلیز ہونے والی پروڈیوسر پرکاش مہرا کی فلم ’زنجیر‘امیتابھ بچن کے فلمی کیریئر کی ایک اہم فلم ثابت ہوئی۔ فلم کی کامیابی کے بعد امیتابھ بچن بطور اداکار فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئے ۔ فلم زنجیر کی کامیابی کے بعد امیتابھ بچن کا شمار ایک اچھے اداکار کے طور پر ہونے لگا اور انہیں فلم انڈسٹری میں اینگری ینگ مین کہا جاتا تھا۔ 1973میں امیتابھ نے جیا بھادوری سے شادی کرلی۔سال 1975 میں یش چوپڑا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم دیوار نے امیتابھ بچن کی پچھلی تمام فلموں کے ریکارڈ توڑ دیے اور شعلے کی کامیابی کے بعد تمام اداکار ان کے سامنے پھیکے پڑنے لگے اور امیتابھ بچن فلم انڈسٹری میں سپر اسٹار کے تخت پر بیٹھ گئے ۔ سال 1984میں اپنے دوست راجیو گاندھی کی درخواست پر امیتابھ نے سیاست میں قدم رکھا اور الہ آباد سے الیکشن لڑا اور ایم پی منتخب ہوئے ، امیتابھ بچن کو زیادہ عرصے تک سیاست پسند نہیں تھی اور تین سال تک کام کرنے کے بعد وہ انہوں نے رکن پارلیمان کے عہدہ سے استعفی دے دیا۔ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ تھی کہ اس وقت ان کا نام بوفورس گھپلے میں گھسیٹا جا رہا تھا۔ایم پی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد امیتابھ بچن پھر سے فلم انڈسٹری میں سرگرم ہو گئے اور فلموں میں اداکاری کرتے رہے لیکن 90کی دہائی کے اواخر میں ان کی فلمیں ناکام ہونے لگیں جس کے بعد امیتابھ بچن نے خود کو 1997تک اداکاری سے دور رکھا۔سال 1997میں امیتابھ بچن نے فلم پروڈکشن کے میدان میں قدم رکھا اور اے بی سی ایل کے بینر بنایا۔اس کے ساتھ ہی امیتابھ بچن نے اپنے بینر تلے بننے والی پہلی فلم ’مرتیوداتا‘ کے ذریعے ایک بار پھر اداکاری کی شروعات کی۔ امیتابھ کو ٹی وی پروگرام کون بنے گا کروڑ پتی میں بھی کام کرنے کا موقع ملا، کون بنے گا کروڑ پتی کی کامیابی کے بعد امیتابھ بچن ایک بار پھر شائقین کے پسندیدہ فنکار بن گئے۔امیتابھ بچن کو اپنے فلمی کیرئیر میں بہت عزت ملی۔امیتابھ کو آٹھ بار فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔امیتابھ بچن کو چار بار نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا۔امیتابھ کو پدم شری، پدم بھوشن، پدم وبھوشن اور دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ امیتابھ بچن نے کئی فلموں میں گانے بھی گائے ہیں۔انہوں نے سب سے پہلے 1979میں ریلیز ہونے والی فلم مسٹر نٹور لال میں میرے پاس آو میرے دوستوں گانا گایا تھا۔امیتابھ کی اس برس برہم استر، جھنڈ، گڈبائے اور رن وے 34جیسی فلمیں ریلیز ہوئی ہیں۔ امیتابھ کی آنے والی فلموں میں اونچائی نمایاں ہے ۔ان دنوں امیتابھ ٹی وی پر کے بی سی کی میزبانی کر رہے ہیں۔