ممبئی: کافی عرصے سے بالی ووڈ فلمیں باکس آفس پر بہتر کاروبار نہیں کر رہی ہیں اور ناظرین فلموں کو پسند نہیں کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے انڈسٹری خسارے میں ہے۔ کرن جوہر نے اس سب کے لئے خود کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اہم بیان دیا ہے۔خیال رہے کہ بالی ووڈ میں ریمیک فلموں کا رجحان کافی بڑھ گیا ہے۔ فلم ساز اور اداکار لگاتار ریمیک بنانے میں مصروف ہیں، جو نہ تو باکس آفس پر کامیاب ہو رہی ہیں اور نہ ہی شائقین کو پسند آ رہی ہیں۔ کرن جوہر نے اس پر بیان دیتے ہوئے کہا ’’پورے ہندی سنیما میں ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں کہانی پر پختہ یقین نہیں ہے۔ ہمارے پاس سلیم جاوید کی صورت میں ایک حقیقی آواز تھی جو سینما میں کردار کو زندہ کرتے تھے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’’70 کی دہائی تک سلیم جاوید اصل کہانیوں اور کرداروں کو سنبھال کر رکھتے تھے، ہم نے 80 کی دہائی میں جنوبی زبان کی فلموں کے ری میک بنانا شروع کر دیئے‘‘۔ 80 کی دہائی میں ریمیکس کا آغاز ہوا۔ اس کے علاوہ 90 کی دہائی میں ہم نے ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کی کامیابی کے بعد محبت کی کہانیاں بنانا شروع کیں اور اس سب کا قصوروار میں ہوں، اسی طرح ہم نے 70 کی دہائی کی جڑیں کھو دیں!کرن جوہر نے سال 2000 میں آنے والی فلم لگان کا بھی ذکر کیا، جس کی کامیابی کو دیکھ کر سب نے اس طرز کی فلمیں بنانا شروع کر دیں اور 2010 میں جب فلم دبنگ آئی تب بھی ایسا ہی ہوا۔ کرن کے مطابق ’’ہم نے اپنی جڑیں کھو دیں اور اصل کہانیوں پر یقین نہیں کیا۔ اگر ہم سوئٹزرلینڈ اور نیوزی لینڈ جائیں اور فلم پروڈیوس کریں تو لوگ ان کہانیوں سے خود کو جڑا ہوا محسوس نہیں کریں گے‘‘۔
previous post
next post